نئی دہلی، 22 اکتوبر (یواین آئی) دہلی کی وزیرِ اعلیٰ ریکھا گپتا نے دیوالی اور دیگر تہواروں کے پیشِ نظر دارالحکومت میں صفائی کے نظام کے حوالے سے سخت موقف اختیارکرتے ہوئے حکام کو کوڑے کے ڈھیروں کو فوری طور پر ہٹانے اور باقاعدہ صفائی کو یقینی بنانے کی ہدایات دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صفائی کے معاملے میں کسی بھی سطح پر لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیرِ اعلیٰ نے میونسپل کارپوریشن سے رہائشی کالونیوں، بڑی مارکیٹوں اور اہم بازاروں میں رات کے وقت صفائی شروع کرنے کو کہا، تاکہ تہواروں کے دوران دہلی کے تمام علاقوں میں صفائی کو یقینی بنایا جا سکے۔
محترمہ گپتا نے بدھ کے روز یہاں اعلیٰ سطحی اجلاس میں صفائی کے نظام کا جائزہ لینے کے بعد کہا کہ کئی علاقوں میں وقت پر کوڑا نہ اٹھائے جانے اور صفائی میں لاپرواہی کی شکایتیں مل رہی ہیں۔ انہوں نے حکام کو ان شکایتوں پر فوری کارروائی کرنے اور صفائی کے نظام میں بہتری کا اثر زمین پر دکھانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت والے علاقوں میں اضافی عملہ تعینات کیا جائے اور صفائی کے بعد کوڑا اٹھانے کا نظام بھی یقینی بنایا جائے۔





