نئی دہلی، 07 ستمبر (یو این آئی) نائب صدرجمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے پیر کو آسام کی گوہاٹی یونیورسٹی میں 110 کروڑ روپے کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔
نائب صدر کے سکریٹریٹ نے بتایا کہ جن منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا گیا ان میں نیا کثیرشعبہ جاتی تعلیمی بلاک، طلباء و بین الاقوامی طلباء سے متعلق نئے ہاسٹل نیز آڈیٹوریم اور لائبریری سے جڑے کام شامل ہیں۔ انہوں نے 1948 میں قائم گوہاٹی یونیورسٹی کو شمال مشرقی ہند کی پہلی یونیورسٹی بتاتے ہوئے کہا کہ یہ اب خطے کا اہم ادارہ بن چکا ہے۔ یونیورسٹی کو قومی تشخیص اور توثیق کونسل سے ‘اے پلس کا درجہ حاصل ہے اور قومی ادارہ جاتی درجہ بندی کے فریم ورک 2025 میں پبلک یونیورسٹیوں میں اسے نواں مقام ملا ہے۔ نائب صدر نے ہندوستان کی لسانی میراث کے تحفظ کے لیے یونیورسٹی کی کوششوں کی ستائش کی۔ انہوں نے آسامی اور تمل ادب کے باہمی ترجمے نیز آسام اور تمل ناڈو کے درمیان اکادمی اور ادبی تبادلے کو بڑھانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ زبان کسی تہذیب کی یاداشت، علم اور شناخت کو محفوظ رکھتی ہے۔ انہوں نے برہم پتر بیسن، خطرے میں پڑی زبانوں، کثیر لسانیات، خواتین کے مطالعے، ماحولیاتی استحکام اور ہندوستانی علم کے نظام پر یونیورسٹی کی تحقیق کی بھی تعریف کی نیز برہم پتر کو ماحولیاتی، اقتصادی اور تہذیبی طاقت قرار دیا۔
انہوں نے اعلیٰ تعلیم میں خواتین کے داخلے میں 42.2 فیصد اضافے کا ذکر کیا، جو 2014-15 کے 1.57 کروڑ سے بڑھ کر 2023-24 میں 2.24 کروڑ ہو گیا ہے۔ مسٹر رادھا کرشنن نے آسام میں بنیادی ڈھانچے، رابطے، تعلیم، سرمایہ کاری اور روزگار کے شعبے میں ترقی کی تعریف کی۔ انہوں نے طلباء اور محققین سے وکست بھارت 2047 میں تعاون دینے، کمیونٹیز کے چیلنجوں پر مرکوز تحقیق کرنے، ٹیکنالوجی کو انسانیت کی خدمت میں لگانے اور جامع ترقی کے لیے جدت کو ذریعہ بنانے کی اپیل کی۔ انہوں نے سوامی وویکانند کے پیغام کا ذکر کرتے ہوئے نوجوانوں سے ہدف حاصل ہونے تک مسلسل آگے بڑھتے رہنے کی اپیل کی۔
اس موقع پر انہوں نے انکورن دتا اور نانی گوپال مہنت کی مرتب کردہ ‘بھوپین ہزاریکا: ہنڈریڈ ایئرس آف ا وانڈرنگ سانگز’ اور ‘چندرکانتا ابھیدھان’ کے پانچویں ترمیم شدہ اور توسیع شدہ ایڈیشن کا اجراء کیا۔ گوہاٹی یونیورسٹی کے طلباء نے آسام کی ثقافتی میراث پر مبنی ثقافتی پروگرام پیش کیا۔ طلباء اور دیگر شرکاء نے اس موقع پر ‘منشیات کو نا’ کا حلف بھی لیا اور نائب صدر نے نوجوانوں سے منشیات سے دور رہنے، ضبط نفس اختیار کرنے ، وقت کا صحیح استعمال کرنے نیز سوشل میڈیا کے حد سے زیادہ استعمال کو محدود کرنے کی اپیل کی۔ پروگرام میں آسام کے گورنر لکشمن پرساد آچاریہ، وزیراعلیٰ ہیمنت بسوا شرما، وزیر تعلیم رانوج پیگو، چیف سکریٹری روی کوٹا، گوہاٹی یونیورسٹی کے وائس چانسلر نانی گوپال مہنت، رجسٹرار پروفیسر اتپل شرما، اساتذہ، طلباء اور دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔




