نئی دہلی، 19 اگست (یو این آئی) سپریم کورٹ نے موت کی سزا پر عمل درآمد کے لیے پھانسی کے طریقے کو ہٹانے کا مطالبہ کرنے والی عرضی پر غور کرنے سے انکار کرتے ہوئے اسے خارج کر دیا ہے، لیکن ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا ہے کہ مستقبل میں اس مسئلے پرازسرنو غوروخوض کا راستہ کھلا رہے گا۔
بینچ نے منگل کے روز کہا کہ اس کا یہ فیصلہ مرکزی حکومت کے ذریعے ایک ماہر کمیٹی کی تشکیل کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنے گا۔ مرکزی حکومت عمل درآمد کے طریقہ کار کا جامع جائزہ لینے کے لیے ماہر پینل تشکیل دے سکتی ہے اور اس بات پر غور کر سکتی ہے کہ آیا کوئی متبادل طریقہ انسانی وقار کے آئینی تقاضے کو برقرار رکھتے ہوئے درد اور تکلیف کو کم کر سکتا ہے۔
جسسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس سندیپ مہتا پر مشتمل بینچ نے ضابطہ فوجداری (سی آر پی سی) کی دفعہ 354(5) کو چیلنج کرنے والی مفاد عامہ کی عرضی (پی آئی ایل) پر اپنا فیصلہ سنایا۔ یہ دفعہ پھانسی کے ذریعے سزائے موت پر عمل درآمد کا بندوبست کرتی ہے۔
سینئر ایڈوکیٹ رشی ملہوترا کی اس عرضی میں پھانسی کے بجائے زہریلے انجیکشن، گولی مارنے، بجلی کے جھٹکے دینے یا گیس چیمبر جیسے طریقوں کو اپنانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ عرضی گزار نے دلیل دی تھی کہ پھانسی کا طریقہ شدید درد اور طویل تکلیف کا باعث بنتا ہے۔










