جموں؍ ۱۴ ؍اگست
جموں و کشمیر کے اودھم پور ضلع میں جمعہ کے روز فائرنگ کے ایک واقعے میں ولیج ڈیفنس گارڈ (وی ڈی جی) کے ایک رکن کی موت ہوگئی جبکہ ایک دیگر رکن شدید زخمی ہوگیا۔
حکام کے مطابق مبینہ طور پر ایک ساتھی وی ڈی جی رکن نے جھگڑے کے بعد دونوں پر فائرنگ کردی۔
حکام نے بتایا کہ یہ واقعہ دور دراز علاقے پنچاری میں اس وقت پیش آیا جب وی ڈی جی کے ارکان ڈمنوٹ پولیس پوسٹ کی جانب جارہے تھے۔
ان کے مطابق سسری ڈمنوٹ کے رہائشی سری جیت سنگھ نے مبینہ طور پر غصے میں آکر اپنے ساتھیوں پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں بلدیو سنگھ جاں بحق ہوگیا جبکہ رومیش سنگھ شدید زخمی ہوگیا۔
زخمی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ اطلاع ملتے ہی پولیس کی ایک ٹیم بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
حکام نے بتایا کہ ملزم کو گرفتار کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ تاہم فریقین کے درمیان جھگڑے کی اصل وجہ اور فائرنگ سے قبل پیش آنے والے واقعات کی مکمل ترتیب ابھی واضح نہیں ہوسکی ہے۔
۔۔۔۔۔۔
ایجنسیاں










