’جب لاکھوں گھروں پر ترنگا لہراتا ہے تو صرف پرچم ہی نہیں لہراتا بلکہ۱۴۰کروڑ ہندوستانی ایک ہی جذبے کے تحت متحد ہو جاتے ہیں‘
سرینگر؍۱۲اگست
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کے روز کہا کہ ’ہر گھر ترنگا‘ مہم اب عوامی شعور کا تہوار اور قومی محبت کی ایک روایت بن چکی ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ ترنگے کی عظمت صرف گھروں کی چھتوں پر ہی نہیں بلکہ ان کے خیالات، کردار اور اعمال میں بھی ہمیشہ بلند رہنی چاہیے۔
ایس کے آئی سی سی سے ترنگا یاترا کو روانہ کرنے کے بعد سری نگر کے بوٹینکل گارڈن میں منعقدہ ترنگا مہوتسو سے خطاب کرتے ہوئے سنہا نے کہا کہ۲۰۲۲ میں شروع کی گئی ’ہر گھر ترنگا‘ مہم کا مقصد ہر ہندوستانی کے دل میں قومی پرچم کے احترام اور اس سے جذباتی وابستگی کو پھر سے مضبوط کرنا ہے۔
سنہا نے کہا کہ جب لاکھوں گھروں پر ترنگا لہراتا ہے تو صرف پرچم ہی نہیں لہراتا بلکہ۱۴۰کروڑ ہندوستانیوں کے دل بھی ایک ہی جذبے، ایک ہی یقین اور ایک ہی عزم کے تحت متحد ہوجاتے ہیں۔
ایل جی نے کہا کہ ’ہر گھر ترنگا‘ مہم اب عوامی شعور کا تہوار اور قومی محبت کی ایک روایت بن گئی ہے، جو ہر ہندوستانی کو اپنی مادرِ وطن کے ساتھ ایک گہری وابستگی سے جوڑ رہی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یہ خوش بختی کی بات ہے کہ ’ہر گھر ترنگا‘ کے ساتھ بنکم چندر چٹرجی کے ’وندے ماترم‘ کے۱۵۰ شاندار برس بھی منائے جا رہے ہیں۔ ان کے بقول، اگر ترنگا قوم کی روح ہے تو ’وندے ماترم‘ اس روح کی لازوال آواز ہے۔
سنہا نے کہا کہ جب ایک غیر ملکی طاقت نے ہندوستانیوں کے خود اعتمادی کے جذبے کو کچلنے کی کوشش کی تو یہی وہ نغمہ تھا جو بے شمار محب وطنوں کی آواز میں گونجتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ ’وندے ماترم‘ کے۱۵۰ برس مکمل ہونے کی یاد منانا محض ایک نغمے کو خراج پیش کرنا نہیں بلکہ قومی شعور کی بیداری اور خود اعتمادی، حوصلے اور عزت نفس کے جذبے کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔
ایل جی نے کہا کہ ان کے نزدیک ’وندے ماترم‘ ہندوستانی تہذیب کی لازوال آواز اور قومی اتحاد کا مظہر ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ’وندے ماترم‘ مہم میں جموں و کشمیر کے عوام کی شرکت پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششیں پورے ملک کے لیے باعثِ تحریک بن گئی ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں نے ثابت کردیا ہے کہ جب حب الوطنی عوامی شعور بن جاتی ہے تو تاریخ ایک نئی سمت اختیار کرتی ہے۔
سنہا نے کہا کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں اور شہریوں نے اس مہم میں یونین ٹیریٹری کو ملک میں ’’بہترین‘‘ مقام دلانے میں مدد کی ہے۔ انہوں نے اس مہم میں شریک تمام افراد کو مبارکباد دیتے ہوئے خواہش ظاہر کی کہ اگلے مرحلے میں بھی جموں و کشمیر اپنی سرفہرست پوزیشن برقرار رکھے۔
ای جی نے کہا کہ اس پوزیشن کو برقرار رکھنے کے لیے جموں و کشمیر کو مزید محنت کرنا ہوگی۔ ان کے مطابق یہ کامیابی محض ایک عدد نہیں بلکہ جموں و کشمیر میں بہنے والے ’’ناقابلِ شکست قومی شعور‘‘ کا اظہار ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ان کامیابیوں نے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ جموں و کشمیر ہمت، عزم اور مادرِ وطن بھارت سے وابستگی رکھنے والی سرزمین ہے۔
سنہا نے کہا کہ جب بانڈی پورہ، بارہمولہ، پلوامہ، پونچھ، راجوری، کشتواڑ، جموں اور سری نگر ’وندے ماترم‘ کی حمایت میں ایک ساتھ آگے بڑھتے ہیں تو ہندوستان کا جذبہ بلند ہوتا ہے۔
ایل جی نے کہا کہ ’وندے ماترم‘ اور ’ہر گھر ترنگا‘ مہمات لوگوں کو یہ سوچنے پر بھی آمادہ کرنی چاہئیں کہ کیا وہ اس ہندوستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں جس کے لیے ان کے اسلاف، آزادی کے مجاہدین اور بہادر سپاہیوں نے اپنی سب کچھ قربان کردیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اگر ہمارے آباؤ اجداد نے اپنے خون، پسینے اور آنسوؤں سے ملک کی حفاظت کی تو اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے کردار، دیانت داری، لگن، اتحاد اور خدمت کے ذریعے اس کی حفاظت کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے لیے یہی ہماری حقیقی عقیدت ہوگی۔
سنہا نے کہا کہ رواں برس ’وندے ماترم‘ اور ’ہر گھر ترنگا‘ مہمات محض دو قومی مہمات کا امتزاج نہیں بلکہ سری نگر اور جموں کی سڑکوں پر ایک نئے دور کے آغاز کا اعلان ہیں۔
ایل جی نے کہا کہ ’ہر گھر ترنگا‘ ایک نئے جموں و کشمیر کی شناخت بن چکی ہے، جس نے یقین، ترقی اور مادرِ وطن کے لیے وابستگی کے راستے پر آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ان کے مطابق یہ ایک ایسے نئے جموں و کشمیر کی علامت ہے جو خود اعتمادی سے بھرپور ہے اور مستقبل کی جانب مضبوط قدم بڑھا رہا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یہ وہ جموں و کشمیر ہے جہاں ہر گھر قومی عقیدت کا مرکز بن چکا ہے اور ہر دل قومی یکجہتی کی دھڑکن کے ساتھ دھڑکتا ہے۔
عوام سے عہد لینے کی اپیل کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ’ہر گھر ترنگا‘ صرف جموں و کشمیر کی چھتوں پر ہی نہیں بلکہ ہمیشہ ہمارے خیالات، کردار اور اعمال میں بھی بلند رہے گا۔انہوں نے کہا کہ آج یہ عہد بھی لیا جائے کہ ’وندے ماترم‘ کا مقدس جذبہ ہمارے ہر عمل، ہر فیصلے اور ہر ذمہ داری میں شامل رہے گا۔
سنہا نے عوام پر زور دیا کہ وہ ان لوگوں کی قربانیوں کو خراج پیش کریں جنہوں نے ہندوستان کو آزادی کا قیمتی تحفہ دیا، اور ایک ایسے ملک کی تعمیر میں کردار ادا کریں جو خوشحال، محفوظ، منصفانہ ہو اور ہر شہری کے لیے مساوی مواقع کے دروازے کھولے۔
ایل جی نے ایک ایسے جموں و کشمیر کے وژن کو حقیقت بنانے کے لیے اجتماعی کوششوں پر زور دیا جو اقتصادی طور پر مضبوط ہو اور ہندوستانی ثقافت اور روحانی اقدار پر فخر کرے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔ندائے مشرق خبر)








