جموں؍ ۶ ؍اگست
جموں پولیس نے منشیات کے خلاف جاری مہم کے تحت کارروائی کرتے ہوئے تین مبینہ منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے منشیات کی سپلائی چین کا پردہ فاش کیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ہیروئن، الیکٹرانک وزن کرنے والی مشینیں، نقدی اور موبائل فون برآمد کیے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق یہ کامیابی منشیات کے خلاف جاری مہم کے دوران اس وقت حاصل ہوئی جب چنی ہمت میں معمول کی ناکہ چیکنگ کے دوران ایک مہندرا تھار گاڑی کو روک کر اس کی تلاشی لی گئی۔
تلاشی کے دوران پولیس نے گاڑی سے دو سرنجیں برآمد کیں، جن میں ایک مشتبہ نشہ آور مادہ سے بھری ہوئی تھی جبکہ دوسری خالی تھی۔
پولیس نے بتایا کہ گاڑی کے ڈرائیور، ضلع پونچھ کے مینڈھر کے رہائشی محمد تابش سلیم کی ذاتی تلاشی لینے پر ہیروئن نما مادہ برآمد ہوا۔ اسی طرح گاڑی میں سوار دوسرے شخص، محمد عرفان ساکن رائیکا، باہو فورٹ، کے قبضے سے بھی ہیروئن نما مادہ برآمد کیا گیا۔
برآمدگی کے بعد پولیس نے چنی ہمت تھانے میں نارکوٹک ڈرگز اینڈ سائیکوٹروپک سبسٹینسز (این ڈی پی ایس) ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دیں۔
تحقیقات کے دوران پولیس نے اس کیس کی سپلائی چین کی پچھلی کڑیوں (بیک ورڈ لنکیجز) کا سراغ لگاتے ہوئے جمعرات کو ایک اور ملزم اعجاز چودھری عرف اجو ساکن چنی راما کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کی تلاشی کے دوران دو الیکٹرانک وزن کرنے والی مشینیں، چھ موبائل فون، ۲۸ ہزار روپے نقد اور ایک سرنج برآمد ہوئی، جنہیں ثبوت کے طور پر ضبط کر لیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ منشیات کے اس نیٹ ورک کی اگلی اور پچھلی کڑیوں کا سراغ لگانے اور اس غیر قانونی دھندے میں ملوث دیگر افراد کی شناخت کے لیے تحقیقات جاری ہے۔
۔۔۔۔۔










