ایجنسیاں
جموں؍۳۱ جولائی
جموں ضلع کے کھور سیکٹر میں جمعہ کے روز ایک مشتبہ پاکستانی ڈرون کو فوج نے کارروائی کے دوران مار گرا کر اپنی تحویل میں لے لیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق مشتبہ ڈرون کو چکلا گاؤں کے اوپر پرواز کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ یہ علاقہ پولیس اسٹیشن کھور کے دائرۂ اختیار میں آتا ہے۔
ڈرون کی نشاندہی ہوتے ہی گورکھا رائفلز (جی آر) کے اہلکاروں نے اس پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں بغیر پائلٹ کا یہ فضائی آلہ (یو اے وی) زمین پر آ گرا۔
فوج نے ڈرون کو کامیابی کے ساتھ اپنی تحویل میں لے لیا، جبکہ علاقے کو مزید جانچ پڑتال کے لیے محفوظ بنا دیا گیا ہے۔
سکیورٹی ایجنسیوں نے برآمد شدہ ڈرون کی اصل، اس کے مقصد اور تکنیکی خصوصیات کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔










