لندن//کاؤنٹی کرکٹ میں منگل کا دن دو ہندوستانیوں کے نام رہا۔ سسیکس کے لیے کھیلتے ہوئے چیتشور پجارا نے اپنی عمدہ فارم کو جاری رکھا اور سیزن کی اپنی پانچویں سنچری اسکور کی۔ دوسری جانب اسپن آل راؤنڈر واشنگٹن سندر نے کاؤنٹی کرکٹ میں ڈیبیو کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں۔
مڈل سیکس کے خلاف سیزن کا اپنا ساتواں میچ کھیلتے ہوئے پجارا اپنے پرانے رنگ میں نظر آئے اور ٹام آلسوپ (135) کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لیے 219 رنز جوڑے۔ اس شراکت کی مدد سے سسیکس نے پہلے دن چار وکٹ پر 328 رنز بنائے۔ پجارا 115 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔
مڈل سیکس کے فاسٹ بولر ٹام ہیلم نے 63 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ فاسٹ بولر امیش یادیو ایک بھی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔ امیش سیزن کے اپنے پہلے کاؤنٹی میچ کی دو اننگز میں صرف دو وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔ تاہم اس دوران انہوں نے 44 رنز کی شاندار ناٹ آوٹ اننگز کھیلی۔
دوسری جانب سندر نے پہلے دن نارتھمپٹن شائر کے خلاف لنکاشائر کی جانب سے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے اپنے سپیل کی دوسری گیند پر 2 رنز کے ذاتی سکور پر کپتان ول ینگ کو آؤٹ کیا۔