ایجنسیز
سرینگر؍۲۶مئی
جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کو بڈگام میں قتل کی گئی۱۲سالہ بچی کے گھر جا کر اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔
یہ بچی بڈگام ضلع کے گلوَن پورہ علاقے میں اتوار کے روز مردہ پائی گئی تھی، جبکہ ایک دن قبل اس کے لاپتہ ہونے کی اطلاع دی گئی تھی۔
اپنے دورے کے دوران عمر عبداللہ نے اس افسوسناک واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور سوگوار خاندان کے لیے اس کٹھن گھڑی میں صبر و استقامت کی دعا کی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس واقعے نے پورے معاشرے کے ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے اور ایسے عناصر کا مہذب معاشرے میں کوئی مقام نہیں ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مجرموں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
پولیس نے اس معاملے میں ایک شخص کو گرفتار کیا ہے جو متاثرہ بچی کا پڑوسی بتایا جا رہا ہے۔(ایجنسیاں)










