’منشیات سے متعلق کسی بھی غیر قانون سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائےگا‘
ایجنسیز
سرینگر؍۲۳مئی
’نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان۱۰۰روزہ مہم‘کے تحت منشیات فروش نیٹ ورکس کے خلاف اپنی کارروائیوں کو مزید تیز کرتے ہوئے سرینگر پولیس نے سرینگر اور ملحقہ اضلاع میں منشیات کی اسمگلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کی تقریباً۵ کروڑ روپے مالیت کی متعدد غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کر لی ہیں۔
پولیس کے ایک بیان کے مطابق سرینگر پولیس نے لاربل بیروہ، بڈگام کے رہائشی بلال احمد شیخ ولد غلام احمد شیخ اور انیک احمد شیخ ولد نذیر احمد شیخ کی ایک سنگل اسٹوری اور ایک ڈبل اسٹوری رہائشی عمارت ضبط کی۔
بیان میں کہا گیا کہ دونوں ملزمان پولیس اسٹیشن صدر سرینگر میں درج ایف آئی آر نمبر۳۷/۲۰۲۴ زیر دفعہ۸/۲۰؍این ڈی پی ایس ایکٹ میں ملوث ہیں۔
تقریباً۳۰لاکھ اور۵۰لاکھ روپے مالیت کی ان جائیدادوں کو تمام قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ۶۸(ایف)کے تحت ضبط کیا گیا۔ کارروائی متعلقہ تحصیلدار اور مقامی معززین کی موجودگی میں انجام دی گئی۔
ایک اور کارروائی میں سرینگر پولیس نے منی کالونی چنہ پورہ کے رہائشی صہیب فاروق خان ولد فاروق احمد خان کی تقریباً ایک کروڑ روپے مالیت کی ڈبل اسٹوری رہائشی عمارت ضبط کی۔ ملزم پولیس اسٹیشن چنہ پورہ میں درج ایف آئی آر نمبر۱۵/۲۰۲۳ زیر دفعہ۸/۲۱؍این ڈی پی ایس ایکٹ میں ملوث ہے۔
بیان کے مطابق جائیداد کو پولیس اسٹیشن چنہ پورہ کی جانب سے جاری کردہ اٹیچمنٹ آرڈر نمبر۰۲/۲۰۲۶ کے تحت این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعہ کے تحت ضبط کیا گیا۔ کارروائی پولیس افسران، ایگزیکٹو مجسٹریٹ اور مقامی گواہوں کی موجودگی میں عمل میں لائی گئی۔
اسی طرح سرینگر پولیس نے جواہر نگر سرینگر کے رہائشی محسن ابراہیم نقاش ولد محمد ابراہیم نقاش کی تین منزلہ رہائشی عمارت بمعہ اٹاری، جس کی مالیت تقریباً ایک کروڑ روپے ہے، ضبط کر لی۔
ملزم پولیس اسٹیشن صدر سرینگر میں درج ایف آئی آر نمبر۴۲/۲۰۲۶ زیر دفعات۸/۲۱‘۲۹؍این ڈی پی ایس ایکٹ میں ملوث ہے۔
بیان کے مطابق جائیداد کو نائب تحصیلدار رام باغ اور مقامی معززین کی موجودگی میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ۶۸(ایف) کے تحت ضبط کیا گیا تاکہ قانونی عمل میں شفافیت برقرار رہے۔
مزید ایک بڑی کارروائی میں سرینگر پولیس نے کرسو راجباغ کے رہائشی فرحان منظور پنڈت ولد منظور پنڈت کی تین منزلہ رہائشی عمارت ضبط کی۔ ملزم پولیس اسٹیشن راجباغ میں درج ایف آئی آر نمبر۱۸/۲۰۲۶زیر دفعہ۸/۲۱؍این ڈی پی ایس ایکٹ میں ملوث ہے۔
ضبط شدہ جائیداد کی مارکیٹ ویلیو تقریباً۵۰ لاکھ روپے بتائی گئی ہے اور اسے این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ ۶۸ایف کے تحت ضبط کیا گیا۔
ادھر پولیس اسٹیشن کرن نگر نے بھی پٹو محلہ اجس، بانڈی پورہ کے رہائشی فیاض احمد راتھر ولد فاروق احمد راتھر کی ڈبل اسٹوری رہائشی عمارت ضبط کی۔ ملزم ایف آئی آر نمبر۰۱/۲۰۲۵ زیر دفعات۸/۲۱‘۲۹؍این ڈی پی ایس ایکٹ اور دفعہ۱۱۱ بی این ایس میں ملوث ہے۔
ترجمان کے مطابق ضبطی کی کارروائی جاری انسدادِ منشیات مہم کے تحت مکمل قانونی تقاضوں کے مطابق انجام دی گئی۔ایک الگ کارروائی میں سرینگر پولیس نے بٹہ مالو پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر نمبر۱۸/۲۰۲۲ زیر متعلقہ دفعات میں ملوث عابد حسن ڈار ولد غلام حسن ڈار ساکن بخشی آباد بمنہ کی ڈبل اسٹوری رہائشی عمارت بھی ضبط کی۔
تقریباً۱ء۷ کروڑ روپے مالیت کی اس جائیداد کو این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت غیر قانونی طور پر حاصل شدہ جائیداد کی ضبطی کے لیے اٹیچ کیا گیا۔
تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ یہ تمام جائیدادیں منشیات کی غیر قانونی تجارت سے حاصل شدہ آمدنی سے خریدی گئی تھیں۔ این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت سرینگر پولیس نے منشیات فروشوں اور ان کے نیٹ ورکس کے مالیاتی ڈھانچے کو تباہ کرنے کی غرض سے ان اثاثوں کو باضابطہ طور پر ضبط کیا ہے۔
یہ کارروائیاں سرینگر پولیس کے اس مضبوط عزم کی عکاس ہیں کہ وہ منشیات کے ناسور کا خاتمہ کر کے نوجوان نسل کو منشیات کے مضر اثرات سے محفوظ رکھے گی۔
سرینگر پولیس نے دوٹوک انداز میں کہا ہے کہ منشیات فروشی یا اس سے متعلق غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث کسی بھی شخص کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت غیر قانونی جائیدادوں کی ضبطی اور قرقی بھی شامل ہے۔










