سنہا کا کٹرا میں اکشے پترا کے مرکزی مڈ ڈے میل کچن کا سنگِ بنیاد‘ /’نوجوان نسل کی غذائیت ہی مستقبل کی بنیاد طے کرے گی‘
جموں؍۲۱مئی
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج کٹرا میں اکشے پترا فاؤنڈیشن کے مرکزی کچن سہولت مرکز کا سنگِ بنیاد رکھا۔
اس مرکز کے فعال ہونے کے بعد روزانہ پانچ ہزار اسکولی بچوں کو غذائیت سے بھرپور کھانا فراہم کیا جائے گا۔
اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر میں اکشے پترا کے آئندہ منصوبوں، بشمول جموں میں قائم ہونے والی نئی کچن سہولت، کے بارے میں بھی بات کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا’’میں نے حکومت اور سماجی تنظیموں کے درمیان مضبوط تعاون پر زور دیا ہے تاکہ نئی نسل کو بااختیار بنایا جا سکے۔ ہمیں یہ یقینی بنانا ہوگا کہ اسکولی بچوں کو متوازن اور غذائیت سے بھرپور خوراک ملے۔ ہر بچے کو صحت مند غذا تک رسائی کا حق حاصل ہے اور ہمیں یہ یقینی بنانا چاہیے کہ کوئی بھی بچہ پیچھے نہ رہ جائے‘‘۔
سنہا نے عام زندگی میں ’ورثے‘ کے تصور پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ تین سوالوں پر مبنی ہے ہم کیا تخلیق کر رہے ہیں، ہم کیا محفوظ رکھ رہے ہیں، اور ہم آنے والی نسلوں کے حوالے کیا چھوڑیں گے؟انہوں نے کہا کہ اس فہرست میں ایک اور سوال شامل ہونا چاہیے’’ہم اپنے بچوں کو کیا کھلا رہے ہیں؟‘‘انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کی غذائیت ہی مستقبل کی بنیاد طے کرے گی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ بھوکا بچہ تعلیم حاصل نہیں کر سکتا اور وہ اسکول جو اپنے بچوں کو کھانا فراہم نہیں کر سکتا، مساوی ترقی کے مواقع فراہم کرنے کا دعویٰ بھی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں کی عالمی تحقیق سے یہ ثابت ہو چکا ہے کہ غذائیت اور تعلیم الگ چیزیں نہیں بلکہ اچھی غذا ہی تعلیم کی بنیاد ہے۔
ایل جی نے کہا’’وہ بچے جو متوازن اور غذائیت سے بھرپور خوراک لیتے ہیں، بہتر توجہ مرکوز کرتے ہیں، معلومات کو زیادہ مؤثر طریقے سے یاد رکھتے ہیں اور کلاس میں زیادہ فعال حصہ لیتے ہیں۔ پروٹین، وٹامنز اور متوازن غذا بچے کی سوچنے اور سمجھنے کی بنیادی توانائی فراہم کرتے ہیں‘‘۔
سنہا نے مزید کہا’’میں چاہتا ہوں کہ جموں و کشمیر کا ہر اسکول یہ یاد رکھے کہ جب ہم اسکولوں میں غذائیت سے بھرپور کھانا فراہم کرتے ہیں تو ہم صرف پیٹ نہیں بھر رہے ہوتے بلکہ مستقبل کی سوچ کو تشکیل دے رہے ہوتے ہیں‘‘۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ نئی نسل صرف ہمارا مستقبل نہیں بلکہ ان خوابوں اور امنگوں کی جیتی جاگتی تصویر ہے جو ہم ایک قوم کے طور پر تعمیر کرنا چاہتے ہیں۔ ان کی تعلیم، صحت اور اعتماد معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ آج بچوں میں جو اقدار، علم اور یقین پیدا کیا جائے گا، وہ آنے والے عشروں میں جموں و کشمیر اور بھارت کے مستقبل کو تشکیل دے گا۔
اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے اکشے پترا فاؤنڈیشن کی بے لوث خدمات کو سراہا، جو اسکولی کھانوں کے شعبے میں دنیا کی سب سے بڑی این جی اوز میں شمار ہوتی ہے اور اس وقت۱۶ریاستوں اور۳مرکزی زیر انتظام علاقوں میں۲۰ لاکھ سے زائد بچوں کو کھانا فراہم کر رہی ہے۔
تقریب کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے اسکولی بچوں کو خود بھی کھانا پیش کیا۔
اس موقع پر اکشے پترا فاؤنڈیشن کے نیشنل پریزیڈنٹ و ٹرسٹی بھارتارشبھ داس، ایم ایل اے ماتا ویشنو دیوی بلدیو راج شرما، ایم ایل اے ریاسی کلدیپ راج دوبے، ایل جی کے پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری، کمشنر/سیکریٹری اسکول ایجوکیشن رام نواس شرما، آئی جی پی کشمیر بھیم سین توتی، ڈویژنل کمشنر جموں رمیش کمار، ڈی آئی جی ادھم پور،ریاسی رینج شیو کمار شرما، ڈپٹی کمشنر ریاسی کمار ابھیشیک، سویتہ آئل ٹیکنالوجیز کے ادے سی ریگے، سینئر افسران، اکشے پترا فاؤنڈیشن کے اراکین اور بڑی تعداد میں طلبہ موجود تھے۔(ڈی پی آئی آر )










