وادی کے کئی علاقوں میں پوست کی غیر قانونی کاشت تباہ :پولیس
سرینگر؍۱۸مئی
پولیس نے پیر کے روز جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ایک مبینہ منشیات فروش کی ایک کروڑ۱۰لاکھ روپے مالیت کی رہائشی جائیداد ضبط کر لی۔
ضبط کی گئی جائیداد میں دو منزلہ رہائشی مکان شامل ہے، جو سری گفوارہ کے نوشہرہ علاقے کے رہائشی بدنام زمانہ منشیات فروش اعجاز احمد بھٹ کی ملکیت بتایا گیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے کہا، ’’منشیات کے ناسور اور منشیات کی اسمگلنگ سے حاصل غیر قانونی اثاثوں کے خلاف جاری مہم کے تحت اننت ناگ پولیس نے این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ۶۸؍ایف کے تحت تقریباً۱ء۱۰ کروڑ روپے مالیت کی غیر منقولہ جائیداد ضبط کی ہے۔‘‘
ادھر، منشیات کے خلاف اپنی تیز مہم کو جاری رکھتے ہوئے جموں و کشمیر پولیس نے ضلع کے مست پورہ کیلر علاقے میں پوست کی غیر قانونی کاشت کے حوالے سے موصولہ مخصوص اطلاع پر کارروائی کی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اسٹیشن کیلر کی ایک ٹیم، محکمہ مال کے افسران کے ہمراہ موقع پر پہنچی اور مست پورہ کیلر کے رہائشی افتخار حسین کھانڈے کی زمین پر غیر قانونی پوست کی کاشت کا پتہ لگایا۔ پولیس نے موقع پر ہی اس فصل کو تلف کر دیا۔
اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن کیلر میں ایک ایف آئی آر متعلقہ دفعات کے تحت درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
پولیس نے منشیات کے استعمال اور غیر قانونی نشہ آور فصلوں کی کاشت کے خاتمے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ منشیات کی اسمگلنگ یا غیر قانونی کاشت سے متعلق کسی بھی معلومات کو پولیس کے ساتھ شیئر کریں تاکہ منشیات سے پاک معاشرہ قائم کیا جا سکے۔
دریں اثنا، ’’نشہ مکت‘‘ مہم کے تحت غیر قانونی منشیات کی کاشت کے خلاف جاری کارروائیوں میں اننت ناگ پولیس نے نوگام، ویری ناگ کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی پوست کی فصلیں تباہ کر کے این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت دو الگ الگ مقدمات درج کیے ہیں۔
مخصوص اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن ڈورو نے غلام حسن ڈار کے بیٹے ریاض احمد ڈار اور عبدالسلام شیخ کے بیٹے عبدالمجید شیخ، دونوں ساکنان نوگام ویری ناگ، کی زمین پر غیر قانونی پوست کی فصل کا پتہ لگا کر اسے تلف کر دیا۔
اس ضمن میں پولیس اسٹیشن ڈورو میں ایک ایف آئی آرزیر متعلقہ دفعات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
ایک اور کارروائی میں عبدالسلام پرے کے بیٹے مشتاق احمد پرے، ساکن نوگام ویری ناگ، کی جانب سے کاشت کی گئی غیر قانونی پوست کی فصل کو ایگزیکٹو مجسٹریٹ کی موجودگی میں تباہ کیا گیا۔
اس سلسلے میں بھی پولیس اسٹیشن ڈورو میں ایک ایف آئی آر زیر متعلقہ دفعات درج کر کے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس نے ایک بار پھر منشیات کی غیر قانونی کاشت کے مکمل خاتمے کے اپنے عزم کو دہراتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات فروشی اور غیر قانونی کاشت سے متعلق معلومات فراہم کر کے منشیات سے پاک سماج کی تشکیل میں تعاون کریں۔










