ایجنسیز
سرینگر؍۲۳مارچ
جموں کشمیر پولیس نے پہلگام کے ایک ہوٹل کے خلاف۱۹برطانوی شہریوں سمیت۲۳ غیر ملکی شہریوں کے قیام کے بارے میں معلومات چھپانے کے الزام میں معاملہ درج کیا ہے۔
پولیس کے مطابق ضلع اننت ناگ کے دیہواتو علاقے میں معمول کی جانچ کے دوران پتہ چلا کہ یہ غیر ملکی شہری۲۲ مارچ کی شام ہوٹل مسٹری ماؤنٹینز لڈی میں ٹھہرے ہوئے تھے۔
تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ ہوٹل انتظامیہ نے پہلگام پولیس اسٹیشن کو مطلع نہیں کیا اور غیر ملکی مہمانوں کی رجسٹریشن کے لیے لازمی آن لائن فارم سی بھی جمع نہیں کیا۔ پولیس نے کہا کہ یہ عمل غیر ملکی اور امیگریشن ایکٹ۲۰۲۵ کے التزامات کی خلاف ورزی ہے اور اس سے حفاظتی معیارات سے سمجھوتہ ہوا ہے۔
اس معاملے میں متعلقہ دفعات کے تحت پہلگام پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔
اننت ناگ پولیس نے تمام ہوٹل آپریٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ملکی مہمانوں کی اطلاع کے حوالے سے قانونی ضابطوں پر سختی سے عمل کریں، تاکہ حفاظتی انتظامات میں کوئی کوتاہی نہ ہو۔










