ہم …….ہم اخبار والے بھی کمال کے ہیں (گرچہ ہمارا ماننا ہے کہ ہم اصل میں کمال کے نہیں بلکہ زوال کے ہیں)…….اس لئے کمال کے ہیں کہ ہم کبھی کبھی ایسے الفاظ کا استعمال کرتے ہیں جو صورتحال ……. جو اصل حقائق کی اصل میں عکاسی یا ترجمانی نہیں کرتے ہیں ……. بالکل بھی نہیں کرتے ہیں ۔ان دنوں روزے چل رہے ہیں ……. ماہ مقدس کے دن چل رہے ہیں ‘ اس لئے اخبارات میں ‘ماہ صیام کے حوالے سے خبریں اور تصاویر آئے روز اخبارات میں شائع ہو جاتی ہیں …….سڑکوں پر نماز کی ادائیگی سے لے کر بازاروں میں کھجوروں کی خرید و فروخت کے فوٹوز بھی چھپتے رہتے ہیں …….آپ کی نظروں سے ایک لفظ یقینا گزرا ہوگا اور بار بار گزارا ہوگا …….’روح پرور‘…….آپ نے بھی یہ کیپشن یا سرخی پڑھ لی ہو گی’وادی کی مساجد میں روح پرور اجتماعات ‘…….اور ہمیں اسی ایک لفظ کے استعمال پر اعتراض ہے ۔ یقینا ًماہ صیام میں اجتماعات ہو تے ہیں ……. ہر چھوٹی بڑی مسجد میں بڑے بڑے اجتماعات ہو تے ہیں ……. پانچوں نمازوں پر یہ اجتماعات ہو تے ہیں ……. مساجد کھچا کھچ بھریں پڑی ہوتی ہیں لیکن کیا یہ اجتماعات ……. نماز کے اجتماعات ’روح پرور‘ ہوتے ہیں ، ہمیںیقین نہیں ہے …….اس پر یقین کرنا تھوڑا مشکل ہے اور …….اور اس لئے ہے کہ اگر یہ اجتماعات واقعی میں روح پرور ہو تے ……. ان میں روحانیت ہو تی …….با جماعت نماز کی ادائیگی کے دوران روحانیت ہو تی تو……. تو صاحب پھر نصف رمضان کے آتے آتے نمازیوں کی تعداد نصف نہیں ہو جاتی اور رمضان کے رخصت ہونے کے ساتھ ہی نمازیوں کی غالب اکثریت بھی مساجد سے رخصت نہیں ہو تی ……. بالکل بھی نہیں ہو تی ۔رمضان کو تربیت کا مہینہ بھی کہا جاتا ہے …….یعنی ایک ایسا مہینہ جس میں باقی کے گیارہ ماہ کیسے گزارنے ہیں ‘ اس کی تربیت ملتی ہے اور ……. اور ظاہر ہے کہ باقی کے گیارہ ماہ مسجد سے لا تعلق ہوکر نہیں گزارنے ہیں …….یہ ماہ اس کی تربیت تو نہیں دیتا ……. لیکن جب ایسا ہی ہو اور نمازی باقی کے گیارہ ماہ مسجد سے دور رہیں تو صاحب ہمیں معاف کیجئے ……. یہ کہنے پر معاف کیجئے ایسے نمازیوں کے نماز کے اجتماعات سب کچھ ہو سکتے ہیں ……. لیکن روح پرور نہیں ہو سکتے ہیں …….ان اجماعات میں روحانیت کا کوئی عمل دخل نہیں ہوسکتا ہے بلکہ یہ ایک فار میلٹی ہے جو ہم ادا کر تے ہیں ……. اس سےزیادہ یا کم کچھ نہیں ۔ اخبار والے لکھیں …….اپنی سرخیوں اور کیپشنوں میں روز لکھیں لیکن یہ ’روح پرور ‘ اجتماعات نہیں ہو سکتے ہیں ……. بالکل بھی نہیںہو سکتے ہیں ۔ ہے نا؟




