تو صاحب کیا واقعی خاموش رہنا ایک گُن ‘ایک ہنر ہے……..اور اس لئے ہے کہ یہ ہر کسی کے بس کی بات نہیں ہے …….. ہر کوئی خاموش نہیں رہ سکتا ہے ……..اُس وقت تو بالکل بھی نہیں جب اسے اکسایا جائے ‘ مشتعل کیا جائے ……..اُس وقت اگر خاموشی اختیار کی جائے تو …….. تو جس خاموشی کو چاندی سے بھی قیمتی قرار دیا جاتا ہے وہ اُس وقت وہ سونے سے بھی زیادہ قیمتی بن جاتی ہے …….. لیکن بات پھر وہیں لوٹ آتی ہے کہ خاموش رہنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں ہے …….. بالکل بھی نہیں ہے …….. اپنے وزیر اعلیٰ ‘ عمر عبداللہ کے بس کی بات بھی نہیں ہے …….. انہوں نے ثابت کردیا ہے کہ یہ خاموش نہیں رہ سکتے ہیں …….. اُس وقت نہیں رہ سکتے ہیں جب انہیں خاموش رہنا چاہئے …….. کہ عمرعبداللہ صرف ایک سیاستدان نہیں بلکہ جموںکشمیر کے وزیر اعلیٰ بھی ہیں جنہیں تول مول کے بولنا ہو تاہے…….. اگر ان سے یہ نہیں ہو سکتا ہے تو صاحب پھر ان کیلئے بہتر یہی ہے کہ یہ جناب بار بار اور ہر بار اپنا منہ کھول کر ‘ کچھ بول کر ……..اُن لوگوں کے خاکوں میں رنگ نہ بھریں جو چاہتے ہیں ‘ جن کی یہ خواہش ہے …….. جن کا یہ ایجنڈا ہے کہ جموں کشمیر کے مزید حصے بخرے ہوں اور…….. اور جموںکو کشمیر سے الگ کیا جائے ۔خاموش نہ رہ کر وزیر اعلیٰ صاحب ان کے اس ایجنڈا کر آگے کررہے ہیں…….. یقینا ًغیر دانستہ طور پر ہی سہی لیکن کررہے ہیں……..کوئی ضرورت نہیں تھی‘ بالکل بھی نہیں تھی کہ وزیرا علیٰ صاحب لا یونیورسٹی پر ایک لمبا چوڑا بیان دے کر جموں میں قائم آئی آئی ٹی اور آئی آئی ایم سی جیسے اداروں کی گنتی کریں ……..یقینا اس کی کوئی ضرورت نہیں تھی ……..ان کے اس جواب کے بعد جموں میں بھی ایک لا یونیورسٹی قائم کرنے کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے اور……..اور یہ مسئلہ نہیں ہے …….. مسئلہ یہ ہے کہ اس کے ساتھ ساتھ جموںکو کشمیر سے الگ کرنے کی باتیں بھی زور پکڑ رہی ہیں اور……..اور اس کے جواز میں ’جموں سےامتیاز‘ کا راگ الاپا جارہا ہے ……..پھر الاپا جارہا ہے ۔اگر کشمیر میں یونیورسٹی کی ضرورت ہے تو صاحب آپ اسے قائم کیجئے ‘ لیکن جموں میں موجود اداروں کو گننے کی کوئی ضرورت نہیں ہے کہ …….. کہ یہ کام سیاستدانوں کا ہے اور…….. اور عمر عبداللہ صاحب آپ وزیرا علیٰ ہیں‘ کشمیر کے ساتھ ساتھ جموں کے بھی ۔ اگلی بار جب کوئی آپ کو اکسانے کی ‘ مشتعل کرنے کی کوشش کرے تو ……..تو اس بات کو یاد رکھ کر خاموش رہیں کہ ……..کہ خاموشی ایک گُن ہے‘ ہتھیار ہے اور…….. اور ہنر بھی ۔ہے نا؟




