کل سے ہم کنفیوژن کا شکار ہیں………اور یہ ایسا ویسا کنفیوژن نہیں ‘عام نہیں بلکہ خاص کنفیوژن ہے ………کنفیوژن اس بات کا ہے کہ کیا بھائی لوگوں کی قدر منزلت بڑھ گئی ہے یا پھر امریکی صدارتی عہدے کی کم ہو گئی ہے ؟ہمیں اس بات کا جواب نہیں مل رہا ہے ……… لاکھ سمجھنے کے باوجود بھی نہیں۔جو کام ٹرمپ صاحب نے کیا‘ وینیزویلا میں کیا عام طور پر یہ کام بھائی لوگ کرتے ہیں……..کسی کے گھر میں گھس کر ‘بغیر کسی اجازت کےاور’اٹھا لاتے ہیں‘………اُس کو جس کی انہیں سپاری دی گئی ہے ………امریکی صدر نے بھی بالکل ایسا ہی کیا ……… فرق صرف یہ ہے کہ ……… کہ امریکی صدر کو کسی نے سپاری نہیں دی بلکہ انہوں نے خود ہی سپاری والا کام کیا ۔ایسا کام جو اتنی صفائی ( ڈھٹائی)کے ساتھ کیا کہ ………کہ بھائی لوگ یقینا ً ٹرمپ صاحب سے ٹریننگ لینا چاہیں گے۔ ممبئی میں جب بھائی لوگوں کا دور دورہ تھا تو اچھے اچھوں کے پسینے چھوٹ جاتے تھے ۔ فون کی گھنٹی کیا بجتی تھی کہ ان کی دھڑکنیں بھی تیزہو جاتیں کہ……… کہ کہیں فون پر بھائی لوگ تو نہیں جو تاوان کا تقاضا کریں ………بس کچھ حال اب عالمی لیڈروں کا بھی ہو گا ………کہیں ٹرمپ صاحب ان کے نام کی سپاری اپنی ڈیلٹا فورس کو نہ دیں………کولمبیا کے صدر ،جنہوں نے وینیزویلا کے صدر کی اپنے ہی صدارتی محل سے اغوا کی کارروائی کی مذمت کی ……… یا مذمت کرنے کی جرأت دکھائی انہیں فوراً ٹرمپ صاحب نے کہا کہ جناب چوں چرا نہ کریں‘بلکہ اس بات کی فکر کریں کہ ……… کہ کہیں اگلا نمبر آپ کا تو نہیں ہو گا ۔دنیا کے لیڈر اپنے محلوں میں خود کو محفوظ تصور کرتے ہیں ………لیکن ٹرمپ صاحب نے ایک رات میں اس تصور کو بدل کے رکھ دیا ………اللہ میاں کی قسم اب کوئی بھی لیڈر خود کو اپنے گھر میں بھی محفوظ تصورنہیں کرے گا کہ ………کہ امریکی صدر نے دنیا کو دکھادیا کہ اصل میں ’گھر میں گھس کر مارنا‘ کس کو کہتے ہیں ………یقینا ً انہوں نے وینیزویلا کے صدر کو گھر میں گھس کر نہیں مارا ………لیکن اس کے بغیر انہوں نے ان کے ساتھ سب کچھ کیا ………چاہتے تو انہیں مار بھی دیتے ،لیکن ان کے ساتھ جو کچھ ہوا ………اس سے اچھا تھا کہ ٹرمپ صاحب انہیں مار ہی دیتے کہ………کہ رات کو جب یہ سوئے تو اپنے ملک کے ………..وینیزویلا کے صدر تھے اور اگلی صبح جب یہ جاگے تو دوسرے ملک کے صدر کے قیدی تھے ۔ٹرمپ صاحب خوش ہیں ‘اپنی اس حرکت پر نازاں بھی اور ایک ہم ہیں جو اب بھی یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ……… بھائی لوگ بھی تو ایسا ہی کچھ کرتے ہیں پھر قانون کے لمبے ہاتھ ان کا پیچھا کیوں کرتے ہیں اور………اور ٹرمپ صاحب کو سب صاحب کہتے ہیں ………کنفیوژن ہے۔ ہے نا؟




