جموں: جموں کشمیر پولیس نے جمعہ کے روز پونچھ ضلع کے منڈی تحصیل میں پاکستان میں مقیم ایک سرگرم دہشت گرد ہینڈلر کی غیر منقولہ جائیداد ضبط کر لی۔
حکام کے مطابق ضبط کی گئی ملکیت۶کنال اور 13.5 مرلہ پر مشتمل ہے ، جس کا تخمینی رقبہ تقریباً۳۹ہزار۵۲۸مربع فٹ اور مالیت 13.36 لاکھ روپے کے قریب ہے ۔
پولیس کے مطابق یہ جائیداد جمال لون عرف جمالا ولد سلطان لون کی ہے ، جو پونچھ کے چمبر کناری گاؤں کا رہائشی ہے اور طویل عرصے سے پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر سے دہشت گردانہ سرگرمیوں کی ہدایت اور معاونت کر رہا ہے ۔
حکام نے بتایا کہ جمال لون پہلے غیر قانونی طور پر پاکستان فرار ہوا تھا، جہاں سے وہ مسلسل ایسی سرگرمیوں میں ملوث ہے جو ملک کی سلامتی، امن اور خودمختاری کے لیے خطرہ ہیں۔ متعدد کوششوں کے باوجود اس کی گرفتاری ممکن نہ ہو سکی، جس کے بعد عدالت نے اسے اشتہاری ملزم قرار دیا تھا۔
پونچھ پولیس کی جانب سے بارہا کارروائی کے باوجود اس کے مفرور رہنے پر عدالت نے اس کی جائیداد قرق کرنے کے احکامات جاری کیے تھے ۔ پولیس نے محکمہ مال کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ضبطی کا عمل مکمل کیا۔
پولیس حکام نے کہا کہ دہشت گردی کی پشت پناہی کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی تاکہ سرحدی اضلاع میں امن و قانون کو موثر طور پر برقرار رکھا جاسکے ۔










