اپنے چچا غالب سے کسی برہمن نے کہا تھا کہ یہ سال اچھا ہے……..اور ہم امید …….. امید نہیں دُعا کرتے ہیں کہ یہ سال اچھا ہی ہو کہ اللہ میاں کی قسم ہمیں ایک اچھے سال کی ضرورت ہے…….. اشدضرورت۔ وہ کیا ہے کہ ہمیں یاد نہیں ہے……..بالکل بھی نہیں ہے کہ ہمارا پچھلا اچھا سال کب تھا ……..ہمیں بالکل بھی یہ یاد نہیں ہے ۔ نہیں صاحب توبہ ، ہماری توبہ ، ہم کسی پر الزام نہیں لگا رہے ہیں،ہم ،ہم سے اچھے دنوں کو لوٹنے کاالزام عائد نہیں کررہے ہیں…….. بالکل بھی نہیں کررہے ہیں…….. ہم تو بس اتنا چاہتے ہیں کہ ہمارا یہ سال اچھا ہو……..اس لئے نہیں کہ……..چچا غالب کو کسی برہمن نے اچھے سال ہو نے کی نوید سنائی تھی بلکہ اس لئے کہ ہم نے ووٹ دیا تھا……..سینہ ٹھوک کے دیا تھا ……..اچھے دنوں کیلئے دیا تھا ۔اچھے مہینوں اور آنے والے اچھے برسوں کیلئے دیا تھا…….. اس بات کا رونا رونے کیلئے نہیں دیا تھا کہ صاحب میرے ہاتھ میں یہ نہیں ہے، وہ نہیں ہے……..بالکل بھی نہیں ہے ……..اللہ میاں کی قسم اس سب کیلئے ہم نے ووٹ نہیں دیا تھا۔نیا سال ہے……..آج سال کا پہلا دن ہے اور اللہ میاں کی قسم ہم اس نئے سال سے کوئی بڑی توقع وابستہ نہیں کررہے ہیں……..بڑی کیا ، کوئی چھوٹی بھی نہیں …….. لیکن صاحب ہم اس سے صرف ایک امید رکھ رہے ہیں ،یہ امید کہ کم از کم نئے سال میں ہمیں وہ رونا نہ سننے اور دیکھنے کو ملے جو رونا یہ رو رہے ہیں……..جب سے آئے ہیں تب سے رونا رو ہے ہیں……..ان کے رونا رونے سے کسی اور کا بھلا ہوتا ہو گا، خود ان کا بھی ……..لیکن صاحب اللہ میاں کی قسم ہم غریب جنتا کا بھلا نہیںہو رہا ہے ……..بالکل بھی نہیں ہو رہا ہے ۔ خیر !سال نیا ہے اور آج اس کا پہلا دن ہے، اس لئے ہم ایسی ویسی کوئی بات نہیں کرنا چاہتے ہیں……..بالکل بھی نہیں کرنا چاہتے ہیں جس سے کسی کا دل دکھی ہوکہ……..کہ پھر سال بھر الزام ہم پر آئے گا کہ ہم نے انہیں دکھی کیا ……..اس لئے ہم کچھ ایسا ویسا نہیں کہنا چاہتے ہیں لیکن صاحب ……..اتنی توقع تو رکھ ہی سکتے ہیں کہ جس طرح ہم ان کے دُکھ سکھ کا خیال رکھنا چاہتے ہیں اسی طرح یہ جناب بھی جنتا کے دُکھ سکھ کا خیال رکھیں گےکہ …….. کہ اللہ میاں کی قسم جنتا کو ان کی جوبات سب سے زیادہ دکھی کرتی ہے وہ ان کا یہ رونا ہے کہ ان کے ہاتھ میں کچھ نہیںہے……..بالکل بھی نہیں ہے ۔ اگر صاحب ایسا ہے تو اپنابوریا بسترہ سیمٹ لیں اور گھر جائیں……..ہمار اوقت ……..اور ہاں ہمارا یہ نیا سال بھئ ضائع نہ کریں…….. بالکل بھی نہ کریں۔ ہے نا؟



