سیاستدانوں کو کئی مراعات حاصل ہوتی ہیں…کئی ایک … ایسی ایسی مراعات جن کا ہم اور آپ تصور بھی نہیں کر سکتے ہیں… بالکل بھی نہیں کر سکتے ہیں… لیکن صاحب ان سب مراعات کے علاوہ انہیں ایک ایسی رعایت بھی حاصل ہے جو ہمیں اور آپ کو حاصل نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے‘ یہ رعایت ہمیں نصیب نہیں ہو گی ‘ نصیب نہیں ہو سکتی ہے اور… اور وہ رعایت ہے کچھ بھی بولنے کی ‘ کوئی بھی دعویٰ کرنے کی… سیدھے سادے الفاظ میں جھوٹ بولنے کی رعایت ۔ کیا پھینکتے ہیں… بڑی لمبی پھینکتے ہیں اور کمال دیکھئے کہ انہیں معلوم ہو تا ہے کہ وہ جھوٹ کہہ رہے ہیں… غلط کہہ رہے رہیں ‘ غلط بیانی سے کام لیں رہے ہیں… لیکن … لیکن چہرے کے تاثرات ایسے کہ کسی کو گمان بھی نہ ہو جائے گا… شک بھی نہ ہو جائیگا کہ یہ صاحب جھوٹ بول رہے ہیں… سچ میں سیاستدانوں نے جھوٹ بولنے میں ایسی مہارت حاصل کی ہے جو ہم کبھی نہیں حاصل کر سکتے ہیں… کہ … کہ ابھی ہم نے آدھا جھوٹ بھی نہیں بولا ہوتا ہے کہ ہم پکڑے جاتے ہیں… اور ایک سیاستدان ہیں جن کے بارے میں کسی شاعر نے کیا خوب کہا ہے کہ… کہ جادو تھا یا کہ طلسم تمہاری زبان میں… تم جھوٹ کہہ رہے تھے ‘ مجھے اعتبار تھا… اوراس کا عملی مظاہرہ ہم نے دیکھا… آپ نے بھی یقینا دیکھا ہو گا… اسمبلی‘ معاف کیلئے پارلیمنٹ میں وندے ماترم اور انتخابی اصلاحات پر ہوئی حالیہ بحث میں دیکھا ہوگا… توبہ توبہ ہماری توبہ کہ… کہ ماضی کے سارے ریکارڈ توڑ ے گئے اوراس لئے توڑے گئے کہ ماضی کو ہی مسخ کرکے حقائق کو توڑ مروڑ کے کچھ اس انداز سے پیش کیا گیا کہ لگا کہ اس سے مستند بات اور کوئی ہو سکتی ہے … بالکل بھی نہیںہو سکتی ہے… لیکن…لیکن جب ان باتوں کو پھرپرکھا گیا…پرکھنے کی کوشش کی گئی تو معلوم ہوا کہ …کہ ان حضرات کی داستان کچھ اور ہے جبکہ اصل واقعہ کچھ اور تھا … اور مختلف بھی ۔ لیکن ہم اور آپ اس میں کچھ نہیں کر سکتے ہیں… بالکل بھی نہیں کر سکتے ہیں کہ… کہ بات سیاستدانوں اور ان کو حاصل رعایت کی ہے… ایسی رعایت جن پر صرف ان کا حق ہے… جھوٹ بولنے اور حقائق کو توڑ مروڑ کرپیش کرنے کا حق … ایسا حق جس کو چیلنج کرنے کا آپ کو اور نہ ہم کو کوئی حق ہے… بالکل بھی نہیں ہے … اور اللہ میاں کی قسم یہی سچ ہے ۔ ہے نا؟




