مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے جمعرات کو اعلان کیا کہ جموں کشمیر میں موسم کی درست پیش گوئی اور ہنگامی وارننگ کے نظام کو مؤثر بنانے کیلئے چار نئے ویدر ریڈارز نصب کیے جائیں گے ۔
ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ یہ اقدام ’مشن موسم‘کے تحت اٹھایا جا رہا ہے اور اس سے ہر ضلع کی سطح پر مخصوص پیش گوئیاں ممکن ہوں گی۔ فی الحال تین ریڈار پہلے سے ہی جموں و کشمیر میں کام کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر جتندر سنگھ نے نئی دہلی سے ڈویژنل کمشنر جموں اور پانچ اضلاع‘ڈوڈہ، کشتواڑ، رامبن، کٹھوعہ اور ادھمپو‘کے ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے وزارتِ ارضیاتی سائنس اور محکمہ موسمیات کو ہدایت دی کہ وہ چوبیس گھنٹے نگرانی کے ساتھ ساتھ بروقت وارننگ فراہم کریں ۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی خود اس صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور وزیر داخلہ امت شاہ نے نقصانات کے تخمینے اور امداد کے بہتر انتظام کے لیے ایک انٹر منسٹریل کمیٹی بھی تشکیل دی ہے ، جو کٹھوعہ کا دورہ کرے گی۔
مرکزی وزیر نے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود افسران نے لوگوں کی جان بچانے ، راشن، ادویات اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں دن رات محنت کی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی طرف سے بھی ذاتی ایم پی فنڈز سے راشن کٹس، جدید واٹر فلٹرز اور ادویات روانہ کی جا رہی ہیں تاکہ کوئی بھی خاندان بے سہارا نہ رہے ۔
اجلاس میں ڈویژنل کمشنر جموں رمیش کمار نے نقصانات اور بحالی کے اقدامات کی تفصیلات پیش کیں، جبکہ مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے بھی اپنی اپنی رپورٹیں پیش کیں۔
ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہا کہ مرکز اور ریاستی حکومت مل کر کام کر رہی ہیں اور مقامی انتظامیہ کی ہمت اور خدمات قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے سول سوسائٹی اور مقامی رضاکاروں کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا، جو مشکل وقت میں سب سے پہلے عوام کی مدد کے لیے آگے آتے ہیں










