اجمیر، 03 ستمبر (یو این آئی) نیشنل گرین ٹریبونل (این جی ٹی) نے راجستھان میں اجمیر کی قدیم تاریخی انا ساگر جھیل میں آلودگی اور جھیل میں گرنے والے گندے نالوں کے سلسلے میں دائر درخواست پر اپنا فیصلہ سناتے ہوئے اجمیر میونسپل کارپوریشن پر 38 کروڑ 70 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے ۔
مقامی باشندہ بابولال ساہو نے اس معاملے میں این جی ٹی بھوپال میں عرضی دائر کی تھی۔ این جی ٹی بھوپال نے یہ معاملہ راجستھان ریاستی آلودگی کنٹرول بورڈ کو جانچ کے لیے بھیجا تھا۔ انا ساگر جھیل کی جانچ کے بعد آر ایس پی سی بی نے اپنی رپورٹ این جی ٹی کو بھیج دی۔ اس کے بعد این جی ٹی نے یہ فیصلہ سنایا۔ این جی ٹی نے جرمانے کی رقم 60 دنوں میں ادا کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ اس کے ساتھ ہی یہ بھی حکم دیا ہے کہ جرمانہ وقت پر ادا نہ کرنے پر سود بھی وصول کیا جائے ۔ بدھ کے روز اجمیر میں این جی ٹی سے صادر حکم کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے سماجی کارکن بابولال ساہو نے کہا کہ اس وقت کے کمشنر نے مسلسل تین سال سے آنا ساگر جھیل میں گرنے والے نالے کے گندے پانی کے سلسلے میں جواب داخل کیا تھا۔ جھیل کا پانی انتہائی آلودہ ہو گیا تھا۔ اس کا براہ راست اثر مقامی باشندوں کی صحت اور جھیل کے آس پاس کے ماحولیاتی نظام پر بھی پڑ رہا ہے ۔
آر ایس پی سی بی نے 25 ہزار روپے فی نالہ کا حساب لگایا۔ 1,191 دنوں کی کل مدت کو ذہن میں رکھتے ہوئے ، اس جرمانے کا تعین ‘آلودگی کی بھرپائی کے اصول’ کے تحت کیا گیا۔








