نہیں صاحب یہ ظلم ہے… اتنا ظلم نہ کیجئے ‘ہم سے یہ سہا نہیں جائیگا … بالکل بھی نہیں سہاجائیگا ۔ ہم… ہم کشمیری ہر ایک چیز پر سمجھوتہ کر سکتے ہیں… لیکن ناٹہِ فوٗل(گوست) پر نہیں… اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا ہے… ہم کشمیریوں میں کچھ ایک باتوں پر ہی قومی اتفاق رائے ہے… کچھ ایک باتوں پر ہی… باقی کسی بات پر نہیں کہ… کہ باقی جتنے بھی اشوز ہیں‘ جتنے بھی معاملات ہیں ان پر باپ اور بیٹے‘ ماں اور بیٹی میں بھی اتفاق رائے نہیں ہے… لیکن ناٹہِ فوٗل وہ عظیم ہستی ہے جس پر قومی اتفاق رائے ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا ہے… بالکل بھی نہیں ہوسکتا ہے ۔ناٹہِ فوٗل ایسی شے ہے جس پر ساس اور بہو بھی ایک ہی صفحہ پر ہیں… اور اگر اسی ناٹہِ فوٗل کو ہم سے … ہم کشمیریوں سے کوئی چھیننے کا ناپاک منصوبہ رکھتا ہے تو… تو اس کو یہ قوم کبھی معاف نہیں کرے گی‘ کشمیری ۷۰۰ کیا ۷۰۰۰ ہزار روپے بھی دینے کیلئے تیار ہیں… لیکن یہ… یہ ناٹہ فوٗل … صاف و پاک‘مزیدار ‘ لذیذ اور تازہ ہو نا چاہیے… گلا اور سڑا ہوا نہیں ہونا چاہئے ‘ بالکل بھی نہیں ہونا چاہیے… لیکن… لیکن کچھ لوگ ‘ کچھ کشمیری ہمیں گلاسڑا ناٹہِ فوٗل کھلاتے آئے ہیں… یہ ایک ایسی گھناؤنی حرکت ہے جس پر ان کا سماجی بائیکاٹ ہو نا چاہئے اور اس لئے ہو نا چاہئے کیونکہ یہ ہمارے جذبات ‘ ہمارے احساسات کے ساتھ کھلواڑ ہے اور… اور اس لئے ہے کیونکہ ناٹہِ فوٗل ہماری روز مرہ زندگی کا ایک حصہ ہے… ناقابل تنسیخ حصہ ہے… اتنا ہی نہیں بلکہ یہ ہماری شناخت ہے … ہم سب کی‘ قوم کشمیر کی شناخت ہے … اور جو کوئی بھی ہماری اس شناخت کے چھیڑ چھاڑ کرنے کی کوشش کرے گا … اسے چھوڑا نہیں جائیگا … بالکل بھی نہیں چھوڑا جائیگا اور… اور کشمیری قوم پر عزم ہے کہ وہ اس پورے ایکو سسٹم کو ختم کرکے ہی دم لے گی جس کا مقصد ہماری زندگیوں سے اس ناٹہ ِفوٗل کو الگ کرنا ہے‘ جدا کرنا ہے ۔امید ہے کہ موقع کی نزاکت کا ادراک کرتے ہوئے حکومت وقت اس بات کو یقینی بنانے کیلئے آسمان اور زمین کو ایک کرے گی کہ کشمیریوں کو جو ناٹہِ فوٗل ’ملتا ‘ہے وہ… وہ اعلیٰ معیار کا ہو گا‘ لذیذ اور مزیددار ہو نے کے ساتھ ساتھ تازہ بھی ہو… ایک دم تازہ… تاکہ اس کو کھانے سے کشمیری تازہ دم رہیں اور… اور ان میں دم(جان) بھی رہے ۔ہے نا؟




