کولمبو،// بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے کوچز کی کارکردگی کے جائزے کی افواہوں کے درمیان ٹیم کے ہیڈ کوچ فل سمنز جمعہ کے روز ڈاکٹروں سے ملنے لندن روانہ ہو رہے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے سابق سلامی بلے باز سمنز سات جولائی کو سری لنکا واپس آ سکتے ہیں۔ توقع ہے کہ وہ سیریز کے تیسرے ون ڈے میچ کے لیے دستیاب ہوں گے۔ بنگلہ دیش یہاں ون ڈے سیریز کے بعد تین ٹی-20 میچ کھیلے گا۔
بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے مینیجر نفیس اقبال نے افواہوں کو رد کرتے ہوئے جمعہ کے روزکہا، "فل سمنز ذاتی وجوہات کی بنا پر دو دن کے دورے پر لندن جا رہے ہیں۔”
اقبال نے بتایا کہ فروری میں انہیں ڈاکٹروں سے ملاقات کرنی تھی، لیکن چیمپئنز ٹرافی کی وجہ سے وہ ایسا نہ کر سکے۔ اب فزیشین کے ساتھ ملاقات کا وقت تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے اسے (اپائنٹمنٹ) تبدیل کرنے کی کوشش کی لیکن یہ ممکن نہ ہوا۔
سمنز نے دورے کے آغاز سے پہلے اس حوالے سے بورڈ سے بات کی اور (فزیشن سے ملاقات کی) منصوبہ بندی کی۔ وہ آج لندن روانہ ہو رہے ہیں اور سات جولائی کو واپس آئیں گے۔