سرینگر//
کرائم برانچ کشمیر نے سکمز بمنہ میں جعلی میڈیکل اسناد جمع کرا کے سرکاری نوکری حاصل کرنے والے شخص کے خلاف عدالت میں چالان پیش کر دیا ہے ۔
ملزم کی شناخت نعمان فاروق وانی ولد مرحوم فاروق احمد وانی، ساکن ابو بکر لین، عمرآباد، زینہ کوٹ سرینگر کے طور پر ہوئی ہے ، جس کے خلاف ایف آئی آر نمبر۲۰۲۳/۰۱ پولیس اسٹیشن کرائم برانچ ونگ میں دھوکہ دہی، جعلسازی اور جعلی دستاویزات کے استعمال سے متعلق دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق نعمان فاروق وانی دسمبر۲۰۱۶سے سکمز بمنہ میں بطور میڈیکل آفیسر تعینات تھا اور اس نے اپنی تقرری کے وقت میڈیکل کونسل آف انڈیا اور اسٹیٹ میڈیکل کونسل کا جعلی رجسٹریشن اور میڈیکل ڈگریاں جمع کرائیں تھیں۔
حیرت انگیز طور پر وہ کوڈ۱۹کے دوران اسپتال میں نوڈل آفیسر کے طور پر کام کرتا رہا اور متعدد مرتبہ سروس میں توسیع بھی حاصل کرتا رہا۔
تحقیقات سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ ملزم نے مبینہ طور پر کسی اور رجسٹرڈ ڈاکٹر کا ‘ایم سی آئی’ رجسٹریشن نمبر استعمال کرکے سرکاری نوکری حاصل کی تھی۔ ان جعلی دستاویزات کی بنیاد پر وہ مسلسل سرکاری خزانے سے تنخواہیں وصول کرتا رہا۔
کرائم برانچ نے اس معاملے کی گہرائی سے تفتیش کے بعد کیس کو ‘‘ثابت شدہ’’ قرار دیا ہے اور عدالت میں مکمل چالان پیش کر دیا ہے تاکہ معاملے کی عدالتی سماعت عمل میں لائی جا سکے ۔
ذرائع نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ جعلی ڈاکٹروں کی موجودگی نہ صرف عوامی صحت کے لیے خطرہ ہے بلکہ اس سے سرکاری اداروں پر عوامی اعتماد کو بھی شدید دھچکا پہنچتا ہے ۔
ایجنسی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اس طرح کے سنگین جرائم میں ملوث افراد کو قانون کے دائرے میں لا کر کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔