سرینگر//
ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (ایس آئی اے ) کشمیر نے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ علاقے میں ایک قتل کیس کی تفتیش کے سلسلے میں دو مشتبہ افراد کے رہائشی مقامات پر تلاشی کارروائیاں انجام دیں۔
تفتیشی ایجنسی کے ترجمان کے مطابق یہ چھاپے ۱۷؍اپریل ۲۰۲۴کو پیش آئے راجا سہ کے قتل کی تحقیقات کے تحت مارے گئے ، جو کہ ایف آئی آر نمبر۲۰۲۴/۸۷کے تحت درج مقدمے سے جُڑا ہے ۔ یہ مقدمہ تعزیراتِ ہند کی دفعہ۳۰۲‘آرمز ایکٹ کی دفعہ۲۷/۷اور غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے ) کی دفعات ۱۳‘۱۶؍اور۲۰کے تحت درج کیا گیا ہے ۔
ایس آئی اے نے بتایا کہ یہ کارروائیاں مکمل منصوبہ بندی، قانونی اجازت اور قواعد و ضوابط کے تحت کی گئیں، جن کے دوران ایسے شواہد برآمد ہوئے ہیں جو نہ صرف قتل کے پس پردہ سازش کو بے نقاب کریں گے بلکہ ملزمان کے ممکنہ معاونین کی شناخت میں بھی معاون ثابت ہوں گے ۔
ترجمان کے مطابق برآمد شدہ شواہد سے تفتیش کو نئی سمت ملی ہے اور یہ تحقیقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے ۔ ایس آئی اے کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کا مقصد نہ صرف اصل مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہے بلکہ اُن دہشت گرد نیٹ ورکس کو بھی توڑنا ہے جو اس طرح کی وارداتوں کے پس پردہ سرگرم ہوتے ہیں۔
ایجنسی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ جموں و کشمیر میں پرامن ماحول کو خراب کرنے والی کسی بھی کوشش کے خلاف سخت کارروائی کرے گی اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔