ہم نہیں جانتے ہیں… بالکل بھی نہیں جانتے ہیںکہ ایسا کیوں ہو رہا ہے…لیکن جو ہو رہا ہے اس سے میڈم جی… میڈم محبوبہ جی خوش ہو رہی ہوں گی … سو فیصد خوش ۔ اس لئے خوش ہو رہی ہوں گی کیوں جو ہو رہا ہے ‘ اس کے ہونے کی انہیں بھی امید نہیں تھی… انہیں کیا کسی کو بھی نہیں تھی ۔ اور صاحب ہو یہ رہا ہے کہ جو لوگ‘ جو کار کن‘ جو لیڈر ‘ جو سابق ممبران اسمبلی‘ جو سابق وزراء پی ڈی پی کو بیچ بھنور میں چھوڑ کر چلے گئے تھے وہ ایک ایک کرکے واپس آ رہے ہیں… اسی رفتار سے آ رہے ہیں جس رفتار … برق رفتار سے یہ پی ڈی پی کو … میڈم محبوبہ جی کو چھوڑ کر چلے گئے تھے ۔کچھ تو ہوا ہو گا … کچھ تو ہو رہا ہو گا جو ایسا ہو رہا ہے… جو پی ڈی پی کا بکھرا ہوا شیرازہ ایک بار پھر جڑ رہا ہے … پی ڈی پی اور اس کی میڈم جی کی تنہائیاں ختم ہو رہی ہیں… کچھ تو ہوا ہوگا اور… اور اس لئے ہو ا ہوگا کہ جب پی ڈی پی سے لوگوں کا ‘ کارکنوں کا‘ لیڈروں کا ‘ سابق ممبران اسمبلی کا ‘ سابق وزراء کا انخلاء ہو رہا تھا تو… تو اس وقت بھی کچھ ہو رہا تھا … یہ کہا جارہا تھا کہ یہ انخلاء ہو نہیں رہا ہے کرایا جارہاہے اور… اور اب اگر گھر واپسی ہو رہی ہے تو… تو کیا یہ گھر واپسی ہو رہی ہے یا کرائی جا رہی ہے‘ ہم نہیں جانتے ہیں… اور اس لئے بھی نہیں جانتے ہیں کیونکہ یہ کشمیر ہے… کشمیر اور… اور کشمیر میں کب کیا ہو جائے یونہی نہیں ہو تا ہے…اس کے ہونے کے پیچھے ہاتھ ہو تے ہیں… وہ بھی چھوٹے موٹے ہاتھ نہیں بلکہ لمبے لمبے ہاتھ … اور یہ لمبے ہاتھ جو چاہیں کر سکتے ہیں… کرا سکتے ہیں …اس لئے اگر میڈم جی کی پی ڈی پی کا موسم خزاں ختم ہو گیا ہے اور… اور اب بہار آ رہی ہے تو… تو یقین کیجئے کہ … کہ یہ سب یونہی نہیں ہو رہا ہے… بالکل بھی نہیں ہورہا ہے… اور یہ بھی سچ ہے کہ ابھی الیکشن دور نہیں بلکہ بہت دور ہیں… ابھی سچ میں جمعہ جمعہ عمر سرکار کو آٹھ دن نہ سہی آٹھ مہینے ہی ہو گئے ہیں… اور اس کے باوجود بھی اگر پی ڈی پی میں بہار آ رہی ہے … گرما گرم موسم گرما میں بہار تو… تو یہ یقینا یونہی نہیں ہو رہا ہے ۔ہے نا؟