یہ ہو کیا رہا ہے ؟ملک کشمیر میں کیا ہو رہا ہے ‘کشمیر کے موسم کو یہ کیا ہو رہا ہے ‘ اسے کس کی نظر لگ گئی ہے جو … جو یہ بدلا بدلا سا نظر آرہا ہے … سرما میںیہ بدلا بدلا سا نظر آرہا تھا … اب بہار کی تشریف آوری ہوئی ہے اور اس میں بھی اس کے تیور کچھ بدلے سے دکھ رہے ہیں اور… اور اگر ایسا ہی چلتا رہا تو… تو موسم گرما میں ہم سب کی خیر نہیں… بالکل بھی نہیں ۔ لوگ… ملک کشمیر کے لوگ پورے سرما میں’بھاری ‘ برفباری کا انتظار کرتے رہے اور… اور اس لئے کرتے رہے کیونکہ ان کی عادت ہو گئی تھی… بھار ی برفباری کی عادت… لیکن ایسا ویسا کچھ بھی نہیں ہوا …آج ہو گی ‘ کل ہو گی… پرسوں ہو گی ‘ اس انتظار میں موسم سرما ختم ہو گیا لیکن…لیکن ملک کشمیر کے لوگوں ‘ خاص کر میدانی علاقوں کے رہائشیوں کا انتظام ختم نہیں ہوا … بھاری برفباری کا انتظار ۔ اب بہار کی شروعات ہے اور شروعات میں ہی اس کا پارہ کچھ چڑھا ہوا ہے …کہنے والوں کا کہنا ہے کہ ملک کشمیر میں درجہ حرارت معمول سے ۵ ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہے …اس لئے تو لوگوں نے بھی گرم ملبوسات کو الوداع کہا ہے اور… اور ہلکے کپڑے پہننا شروع کردیا ہے… صاحب اگر ایسا ہی چلتا رہا تو… تو موسم گرما کتنا گرم ہو گا… اس کا اندازہ لگانا زیادہ مشکل کام نہیں ہے اور… اور بالکل بھی نہیں ہے ۔اس لئے اپنے لنگوٹے کس لیجئے اور … اور ایک گرما گرم موسم گرما کی تیاریوں میں آج اور ابھی سے جٹ جائیے کہ … کہ موسم گرما… گرم ہو گا اس کا اندازہ سرما میں ہی ہو گیا تھا… جب سرما پر موسم گرما کا اثر صاف دکھائی دے رہا تھا… اتنا اثر کہ برف زمین پر پہنچنے سے پہلے ہی پگھلتی رہی اور… اور ملک کشمیر زمین پر اس گرنے کا انتظار کرتے رہے …اب ایسا کیوں ہو رہا ہے ‘ ہمیں معلوم نہیں ہے… بالکل بھی نہیںہے… لیکن چونکہ … چونکہ ہم کشمیری ہیں اس لئے ہم حیران نہیں ہوں گے…بالکل بھی نہیں ہوں گے اگر ہم میں سے کوئی سازشی نظریے پیش کرتے ہو ئے اسے ملک کشمیر اور کشمیر کیخلاف ایک سازش…گہری سازش قرار دے … لیکن سازش کس نے کی ہو گی ‘ سازش کون کرسکتا ہے… ہمیں معلوم نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے ۔ ہے نا؟