نئی دہلی// راشٹرپتی بھون میں منعقدہ آرٹسٹ ان ریزیڈنس (گھریلو زندگی کے فنکار) پروگرام کے ضمن میں مدھوبنی کے مصور اور گونڈ لوک کلا کے فنکاروں کے ایک گروپ نے پیر کے روز راشٹرپتی بھون میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔
راشٹرپتی بھون کی طرف سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ صدر جمہوریہ نے تقریب میں دکھائے گئے لوک فنکاروں کے کاموں کا بھی مشاہدہ کیا۔
اس فنی تقریب میں ہندوستان کے روایتی فنون کو ان کی اصلی شکل میں پیش کیا جا رہا ہے ۔ ریلیز میں کہا گیا کہ پروگرام سے راشٹرپتی بھون میں ہندوستان کے لوک فنکار، قبائلی اور روایتی فنکاروں کو ایک پلیٹ فارم بھی فراہم ہوا جنہوں نے نسلوں سے اپنے فن کی مختلف شکلوں کو جاری رکھا ہوا ہے ۔
آرٹسٹ ان ریزیڈنس پروگرام کے تحت مدھیہ پردیش سے گونڈ آرٹ اور بہار سے مدھوبنی آرٹ کے فنکار 20 تاریخ سے راشٹرپتی بھون میں قیام پذیر ہیں اور کل تک موجود رہیں گے ۔ اس پروگرام کے لیے آنے والے فنکاروں میں مدھوبنی کے فنکار- شانتی دیوی، امبیکا دیوی، منیشا جھا، پریتی کرونا، رنجن پاسوان، شانتی دیوی، ارمیلا دیوی، شراون پاسوان، کماری نلنی شاہ اور موتی کرونا اور گونڈ کے فنکار : درگابائی ویام، سبھاش ویام، ننکسیا شیام، رام سنگھ ارویتی، دلیپ شیام، چمپاکلی، ہیرامن ارویتی اور جاپانی شیام دھروے شامل تھے ۔