نئی دہلی//لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے آج اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی چاہے کسی بھی شکل میں ہو، تہذیب اور انسانی ترقی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے ۔ بات انہوں نے سری لنکا کے پارلیمانی وفد کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کے دوران کہی۔
مسٹر برلانے کہا کہ یہ کسی ایک ملک یا خطے کے لیے خطرہ نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے ایک سخت چیلنج ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام ممالک دہشت گردی کے اس خطرے سے نمٹنے کے لیے مشترکہ محاذ اور حکمت عملی کے ساتھ کھڑے ہوں گے ۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہندوستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے پر سری لنکا کے پارلیمانی وفد کا شکریہ ادا کیا۔ اسپیکر نے دنیا کے جمہوری ممالک کی پارلیمانوں پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کے عالمی خطرے کے خلاف متحد ہو کر کام کریں۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں وفد کے ارکان کا خیرمقدم کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ ہندوستان اور سری لنکا کی دوستی مشترکہ ثقافتی، روحانی اور تہذیبی اقدار پر مبنی ہے ۔ انہوں نے فخر سے کہا کہ بدھ مت کا مشترکہ ورثہ دونوں ممالک کو جوڑتا ہے ۔ انہوں نے فنٹیک، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور کنیکٹیویٹی، سری لنکا میں یو پی آئی پر مبنی ادائیگی کے نظام کے حالیہ آغاز اور سیاحت کے لیے سمندری راستوں اور پرواز کی خدمات میں بہتری جیسے شعبوں میں ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کو نوٹ کیا۔
ہندوستان کی پارلیمنٹ کے کام کاج میں اپنائی جانے والی مختلف تکنیکی اختراعات کے بارے میں بات کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ ہندوستان کی پارلیمنٹ ڈیجیٹل اور اے آئی پر مبنی ٹکنالوجی کے ذریعہ پارلیمانی نظام میں عوامی شراکت اور شفافیت کو فروغ دے رہی ہے ۔ انہوں نے ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان پارلیمانی وفود کے باقاعدہ تبادلے پر اطمینان کا اظہار کیا جس سے باہمی مفاہمت اور تعاون کو فروغ ملا ہے ۔ انہوں نے ارکان پارلیمنٹ کی استعداد کار میں اضافے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ڈیجیٹل اختراعات اور ٹیکنالوجی دونوں ممالک میں قانون سازی کے عمل اور عوامی شرکت کو مضبوط بنا رہے ہیں۔
مسٹر برلا نے اس بات پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمانی ڈیموکریسی (پرائڈ) نے گزشتہ کئی سالوں میں 110 سے زیادہ ممالک کے ارکان پارلیمنٹ اور عہدیداروں کے لیے صلاحیت سازی کے پروگرام منعقد کیے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہندوستانی پارلیمنٹ میں سری لنکا کے پارلیمانی وفد کے لئے منعقدہ صلاحیت سازی کا پروگرام انہیں یہ بصیرت فراہم کرے گا کہ ہندوستانی پارلیمنٹ نے کس طرح پارلیمانی کمیٹیوں، قانون سازی اور بجٹ کے عمل اور دیگر پارلیمانی آلات کے ذریعے ملک کے جمہوری ڈھانچے کو مضبوط، بہتر اور عوام کے سامنے جوابدہ بنایا ہے ۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر رضوی صالح نے سری لنکا کے وفد کی مہمان نوازی پر مسٹر برلا کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سری لنکا کے عوام کی جانب سے ہندوستانی پارلیمنٹ کو مبارکباد پیش کی۔ ڈاکٹر صالح نے کہا کہ ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان صدیوں سے تاریخی، ثقافتی اور تہذیبی تعلقات رہے ہیں۔ انہوں نے مشکل وقت میں سری لنکا کی حمایت کے لیے ہندوستان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ہندوستان سری لنکا تعلقات مزید مضبوط ہوں گے ۔
اس موقع پر لوک سبھا کے سکریٹری جنرل اُتپل کمار سنگھ بھی موجود تھے ۔
سری لنکا کا پارلیمانی وفد فی الحال ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمانی ڈیموکریسی (پرائڈ) کے زیر اہتمام ایک ہفتہ طویل صلاحیت سازی کے پروگرام میں حصہ لے رہا ہے ۔
یو این آئی۔ ع ا۔