سرینگر//
سرینگر پولیس کی منشیات کے خلاف جاری مؤثر مہم کو بڑی کامیابی ملی ہے جب شہر کی ایک خصوصی عدالت نے دو منشیات فروشوں کو مجرم قرار دیتے ہوئے پانچ سال قید اور بھاری جرمانے کی سزا سنائی۔
اطلاعات کے مطابق اسپیشل جج ‘این ڈی پی ایس‘سرینگر نے پولیس اسٹیشن رام منشی باغ میں درج ایف آئی آر نمبر۲۰۲۰/۱۱۰کے تحت کارروائی مکمل ہونے پر رفیق احمد پتو ولد علی محمد پتو ساکن رنگر اسٹاپ، سعید کدل اور عاقب منظور بکھرو ولد منظور احمد بکھرو ساکن بکھری محلہ، رعناواری کو مجرم قرار دیا۔
پولیس نے دونوں ملزمان کو چرس کی اسمگلنگ کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں دھر دبوچا تھا۔
تفصیلی تفتیش اور ٹھوس قانونی چارہ جوئی کے بعد عدالت نے دونوں ملزمان کو پانچ سال قیدِ سخت اور پچاس ہزار روپے فی کس جرمانے کی سزا سنائی۔
عدالت نے یہ بھی حکم دیا کہ اگر جرمانے کی رقم ادا نہ کی گئی تو مزید چھ ماہ قیدِ کی سزا بھی بھگتنا ہوگی۔سری نگر پولیس نے عدالت کے اس فیصلے کو بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سزا ایک واضح پیغام ہے کہ منشیات کے دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاشرتی ناسور کے خلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے سے تعاون جاری رکھیں۔
اس دوران پولیس نے سرینگر میں ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے ممنوعہ مواد کو بر آمد کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن شالہ ٹینگ کی ایک ٹیم نے رنبیر گڑھ میں ایک چیک پوائنٹ قائم کیا اور اس دوران ایک مشکوک شخص کو روکا۔
ترجمان نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے ہیرائن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد اس کو موقع پر ہی گرفتار کیا گیا اور ممنوعہ مواد کو ضبط کیا گیا۔گرفتار شدہ کی شناخت زبیر احمد شیخ ولد گلزار احمد شیخ ساکن لاوے پورہ کے طور پر کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن شالہ ٹینگ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس منشیات اسمگلنگ کے خلاف زیر ٹالیرنس پالیسی اختیار کرنے کیلئے پر عزم ہے ۔