پوری دنیا نے دیکھ لیا کہ کیسے پاکستان کی جانب سے بھارت کو ایٹمی ہتھیاروں سے متعلق دھمکیاں دی گئیں
سرینگر//
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ وہ دنیا سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ ’کیا پاکستان جیسی غیرذمہ دار قوم کے ہاتھوں میں موجود ایٹمی ہتھیار محفوظ ہیں؟‘
سنگھ نے مزید کہا’ ’میرا ماننا ہے کہ پاکستان کے جوہری ہتھیاروں کو بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کی نگرانی میں لیا جانا چاہیے‘‘۔
وزیر دفاع نے جمعرات کی صبح یہ بیان کشمیر میں بادامی باغ کنٹونمنٹ میں انڈین فوج کے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔
آپریشن سندور کے بعد یہ وزیر دفاع کا کشمیر کا پہلا دورہ تھا ۔سنگھ آج صبح ہی جموںکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر‘ منوج سنہا کے ہمراہ دہلی سے سرینگر پہنچ گئے تھے ۔
سنگھ نے کہا’’پوری دنیا نے دیکھا ہے کہ کیسے پاکستان کی جانب سے بھارت کو ایٹمی ہتھیاروں سے متعلق دھمکیاں دی گئیں‘‘۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے دورہ کشمیر کا مقصد کشمیری عوام اور یہاں تعینات فوجیوں کا شکریہ ادا کرنا ہے کیونکہ جس طرح کا ردعمل انھوں نے پہلگام حملے کے بعد دیا وہ قابل تحسین ہے۔
اس دورے کے آغاز پر انھیں فوج کی جانب سے شیل، گولوں اور میزائل کے ٹکڑے بھی دکھائے گئے جو انڈیا کے مطابق مبینہ طور پر پاکستان کی جانب سے فائر کیے گئے تھے۔
وزیر دفاع نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دہشت گردی اور دہشت گردوں کے پاکستان میں موجود ٹھکانوں سے متعلق انھی الزامات کو دہرایا جو ملک گذشتہ کئی دنوں سے عائد کرتا چلا آیا ہے۔
مسلح افواج سے مخاطب ہو کروزیر دفاع نے کہا’’میں بہادر جوانوں کی اعلیٰ قربانی کو سلام پیش کرنا چاہتا ہوں جو دہشت گردی اور دہشت گردوں کے خلاف لڑے۔ میں ان کی یاد کو احترام پیش کرتا ہوں۔ میں ان بے گناہ شہریوں کی بھی عزت کرتا ہوں جو پہلگام میں ہلاک ہوئے۔ میں زخمی سپاہیوں کی بہادری کو بھی سلام پیش کرتا ہوں اور خدا سے دعا کرتا ہوں کہ وہ جلد صحت یاب ہوں‘‘۔
آپریشن سنڈور کو ایک ’بڑا عہد‘ قرار دیتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا’’یہ دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑا آپریشن ہے۔ ہم دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے۔ پاکستان کو دہشت گردوں کی پناہ گاہ فراہم کرنا بند کرنا ہوگا‘‘۔
وزیر دفاع نے کہا کہ آپریشن سندور’’ملک کی تاریخ میں دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑی کارروائی ہے اور ہندوستان نے دکھایا ہے کہ جب اپنی خودمختاری کے تحفظ کی بات آتی ہے تو وہ جرات مندانہ فیصلے کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرے گا‘‘۔
سنگھ نے سرحد کے اس پار درست اور اچھی طرح سے کئے گئے حملوں کے لیے فوج کی تعریف کرتے ہوئے کہا’’آپ نے دشمنوں کو نیست و نابود کر دیا، آپ نے پاکستان کی چوکیوں اور بنکروں کو اتنی طاقت سے گرایا کہ دشمن اسے کبھی نہیں بھولے گا‘‘۔
وزیر دفاع نے کہا’’لوگ اکثر جذبات میں ہوش کھو بیٹھتے ہیں لیکن آپ نے ہوشمندی کا مظاہرہ کیا، خاموش اور پر سکون رہ کر آپ نے دشمن کے ٹھکانوں کو تبادہ کر دیا‘‘۔
اپنے آپ کو ملک کے لوگوں کا پیام رساں بتاتے ہوئے انہوں نے کہا’’آپ سمجھ سکتے ہیں کہ میں آپ کے پاس ایک پوسٹ مین کے طور پر آیا ہوں، ۱۴۰کروڑ ہندوستانیوں کا پیغام لے کر آیا ہوں اور وہ پیغام ہے’’ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے ‘‘۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا’’آپریشن سندور صرف ایک فوجی نام نہیں تھا بلکہ ایک قومی عزم تھا، یہ آپریشن ہر ہندوستانی فوجی کی آنکھوں میں ایک خواب تھا کہ ہم دہشت گردوں کے ہر ٹھکانے کو تباہ کر دیں گے ، چاہے وہ وادیوں میں ہو یا زیر زمین بنکروں میں، ہم ان کے سینے کو پھاڑ کر فتح حاصل کر کے لوٹیں گے ‘‘۔
سنگھ نے کہا’’آپریشن سندور ایک عزم ہے جو بھارت نے دکھایا ہے ، ہم صرف دفاع نہیں کرتے ہیں بلکہ وقت آنے پر فیصلہ کن کارروائی بھی کرتے ہیں‘‘۔
سنگھ نے کہا’’یہ ہندوستان کی طرف سے دہشت گردی کے خلاف اب تک کی سب سے بڑی کارروائی ہے ، گزشتہ۳۵سے۴۰سالوں سے بھارت سرحد پار سے آنے والی دہشت گردی کا مقابلہ کر رہا ہے ، آج بھارت نے دنیا کو واضح پیغام دیا ہے کہ ہم دہشت گردی کو ختم کرنے کیلئے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں‘‘۔
ان کا اپنے خطاب میں کہنا تھا’’پہلگام حملے کے ذریعے بھارت کو غیر مستحکم کرنے کی پاکستان کی کوشش ناکام ہو گئی ہے ، پاکستان نے ہندوستان کی پیشانی پر زخم لگانے کی کوشش کی لیکن ہم نے ان کے سینے پر زخم لگائے ‘‘۔
وزیر دفاع نے کہا’’پاکستان نے ہندوستان کے سماجی اتحاد کو توڑنے کی کوشش کی لیکن ہمارے جواب نے انہیں ہماری طاقت دکھا دی ہے ‘‘۔
انہوں نے کہا’’۲۱برس پہلے آنجہانی اٹل بہاری واجپائی کی قیادت کے دور ے میں پاکستان نے یقین دہانی کی تھی وہ اپنی سر زمین سے دہشت گردی کو فروغ نہیں دے گا لیکن انہوں نے اس وقت بھی ہمیں دھوکہ دیا اور آج بھی دے رہے ہیں اور اب وہ اس دھوکہ دہی کی بھاری قیمت چکا رہے ہیں‘‘۔
سنگھ کا کہنا تھا’’وزیر اعظم مودی نے دہشت گردی کے تئیں ہندوستان کی پالیسی بدل دی ہے ،ہندوستانی سرزمین پر کسی بھی دہشت گردانہ حملے کو اب جنگ کی کارروائی کے طور پر سمجھا جائے گا‘‘۔
سنگھ نے کہا کہ مذاکرات اور دہشت گردی ایک ساتھ نہیں چل سکتے ہیں اور اگر پاکستان کے ساتھ کوئی بات چیت ہوگی تو وہ پاکستان زیر قبضہ جموں و کشمیر پر ہوگی۔
اس ہفتے کے شروع میں، وزیراعظم نریندر مودی نے پنجاب کے آدمپور ایئر بیس کا دورہ کیا اور فوجیوں کے ساتھ بات چیت کی۔آدمپور ان ایئر فورس اسٹیشنوں میں شامل تھا جن پر پاکستان نے ۹؍ اور۱۰ مئی کی درمیانی رات بھارت کی ’آپریشن سندر‘ کے بعد حملہ کرنے کی کوشش کی۔
پاکستان نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس کے جی ایف۱۷ لڑاکا طیاروں سے داغے گئے ہائپرسونک میزائلوں نے آدمپور میں بھارت کے ایس۴۰۰؍ ایئر ڈیفنس سسٹم کو تباہ کر دیا ‘یہ دعویٰ بھارتی حکام نے مسترد کر دیا۔
وزیر اعظم مودی نے آدمپور ایئر فورس بیس پر پٹڑی سے ایک مضبوط پیغام دیا۔’’ہمارا ارادہ واضح ہے… اگر کوئی اور حملہ ہوا تو بھارت جواب دے گا۔ ہم نے یہ ۲۰۱۶ میں جے کے کے اری میں آرمی بیس پر دہشت گردی کے حملے اور ۲۰۱۹ میں پلوامہ حملے کے بعد بالاکوٹ فضائی حملوں کے بعد دیکھا۔ آپریشن سندر اب معمول بن گیا ہے‘‘۔
وزیر اعظم نے کہا، اور زور دیا کہ یہ بھارتی حکومتوں کی پالیسی بن جائے گی کہ وہ ’ریاست کی طرف سے سپانسر کردہ دہشت گرد حملوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کریں گے‘۔