واشنگٹن//
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا دنیا میں امن کا خواہاں ہے اور ایران کے ساتھ ایک نئی جوہری ڈیل کرنے کی کوشش جاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
قطر کے دارالحکومت دوحا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں ایران ایک عظیم ملک بنے، اور یہ جوہری ہتھیاروں کے بغیر بھی ممکن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران نے نئی ڈیل کی شرائط پر اتفاق کیا ہے۔
امریکی صدر نے یوکرین جنگ کے حوالے سے کہا کہ ہم جنگ بندی کے لیے پرامید ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ قطر امریکا سے 200 ارب ڈالر کے بوئنگ طیارے خریدے گا، جو دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کو مزید فروغ دے گا۔
ٹرمپ نے سابق صدر جو بائیڈن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو بائیڈن نے امریکا کو بہت نقصان پہنچایا اور اربوں ڈالر ضائع کیے۔