نئی دہلی/۸مئی
پاکستان نے بدھ کی رات جموں و کشمیر سے گجرات تک کم از کم 15 شہروں میں فوجی تنصیبات کو میزائل اور ڈرون سے نشانہ بنانے کی کوشش کی جسے ہندوستان کے فضائی دفاعی نظام نے مکمل طور پر ناکام بنا دیا اور جوابی کارروائی میں لاہور کا فضائی دفاعی نظام تباہ کر دیا۔
وزارت دفاع نے جمعرات کو یہاں ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ۷اور۸ مئی کی درمیانی رات میں پاکستان نے شمالی اور مغربی ہندوستان میں کئی فوجی اڈوں کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنانے کی کوشش کی، جن میں اونتی پورہ، سری نگر، جموں، پٹھان کوٹ، امرتسر، کپورتھلا، جالندھر، لدھیانہ، آدم پور، بھٹنڈہ، چنڈی گڑھ، نال فلودی، اترلائی اوربُھج شامل ہیں۔ پاکستانی میزائل اور ڈرون کو ہندوستان کے مربوط فضائی دفاعی نظام نے تباہ کردیا۔
وزارت نے کہا کہ آج صبح ہندوستانی سیکورٹی فورسز نے متناسب جوابی کارروائی میں پاکستان میں متعدد مقامات پر فضائی دفاعی نظام اور ریڈاروں کو نشانہ بناکر حملہ کیا ۔ مصدقہ اطلاعات کے مطابق ان حملوں میں لاہور کا فضائی دفاعی نظام مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے ۔
وزارت نے کہا کہ تباہ شدہ پاکستانی میزائلوں اور ڈرونز کا ملبہ برآمد کیا جا رہا ہے جو کہ پاکستانی حملوں کا ثبوت ہے ۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان نے ایل او سی کے پار کپواڑہ، بارہمولہ، اُڑی، پونچھ، مینڈھر اور راجوری سیکٹروں میں بلااشتعال فائرنگ کو تیز کر دیا ہے ، جس میں مارٹر اور بھاری توپ خانے کا استعمال بھی شامل ہے ۔ اس فائرنگ میں 16 معصوم لوگوں کی جانیں گئیں جن میں تین خواتین اور پانچ بچے شامل ہیں۔ ہندوستان نے بھی مجبوراً پاکستانی فائرنگ کو روکنے کے لیے مارٹر اور توپ خانے سے جوابی کارروائی کی۔
وزارت دفاع نے کہا ہے کہ ہندوستانی مسلح افواج کی کارروائی سے کشیدگی میں اضافہ نہیں ہوگا بشرطیکہ پاک فوج بھی تحمل کا مظاہرہ کرے ۔