ممبئی، //ممبئی انڈینز کے کپتان ہاردک پانڈیا اور ان کی پوری ٹیم اور گجرات ٹائٹنز کے ہیڈ کوچ آشیش نہرا پر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 کے 56ویں میچ کے دوران سلو اوور ریٹ کے لیے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر ان کی میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
ہاردک پانڈیا پر منگل کی رات وانکھیڑے اسٹیڈیم میں ممبئی انڈینز اور گجرات ٹائٹنز کے درمیان کھیلے گئے میچ میں سلو اوور ریٹ پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ چونکہ یہ آئی پی ایل کے سلو اوور ریٹ کے ضابطہ اخلاق کے تحت سیزن کا ان کی ٹیم کا دوسرا جرم تھا اس لئے پانڈیا پر 24 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ۔ پلینگ ٹیم کے تمام ممبران بشمول امپیکٹ پلیئرز اور کنکشن سبسٹی ٹیوٹ پر انفرادی طور پر 6 لاکھ روپے یا ان کی متعلقہ میچ فیس کا 25 فیصد جو بھی کم ہو جرمانہ عائد کیا گیا۔
دریں اثنا، گجرات ٹائٹنز کے ہیڈ کوچ آشیش نہرا کو آئی پی ایل کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر ان کی میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ اور ایک ڈیمیرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا ہے۔ انہوں نے آرٹیکل 2.20 کے تحت لیول 1 کے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے میچ ریفری کی سزا کو قبول کرلیا۔