سری نگر/۵مئی
پولیس نے پیر کے روز کہا کہ فوری کارروائی کے نتیجے میں سرینگر میں جنسی استحصال کے معاملے میں ملوث چاروں ملزمین کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ نشاط کے واٹر ورکس روڈ کے قریب لوگوں کے ایک گروپ کی جانب سے ایک خاتون پر جنسی حملے کی کوشش کی اطلاع ملنے پر فوری کارروائی کی گئی۔ متاثرہ کو شدید چوٹیں آئی تھیں اور اسے اسپتال منتقل کیا گیا تھا ، جہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ واقعہ کے بعد پولیس اسٹیشن نشاط میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر نمبر 35/2025 درج کی گئی اور فوری طور پر تفتیش شروع کردی گئی۔
تفتیش کے دوران مندرجہ ذیل چار ملزمان کی نشاندہی کی گئی اور سہیل بشیر بٹ، ولد بشیر احمد، ساکن اشام سنبل، عادل علی بٹ، ولد علی محمد، ذہیار نشاط، فردوس احمد راتھر، غلام احمد، زینتیار نشاط اور سہیل افضل بٹ، ولد محمد افضل ساکن پہلو برین کو گرفتار کیا گیا۔
ایک تیز اور فیصلہ کن کارروائی میں تمام ملزمین کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ معاملے میں مزید تفتیش جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرینگر پولیس قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے ، معاشرے سے جرائم کو ختم کرنے اور ہر شہری کی حفاظت اور وقار کو یقینی بنانے کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مجرمانہ سرگرمی سے متعلق کسی بھی معلومات کے لئے، براہ کرم قریبی پولیس اسٹیشن سے رابطہ کریں یا 112 پر کال کریں۔
اس دوران جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید الطاف بخاری اور پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد لون نے سری نگر کے نشاط علاقے میں ایک خانہ بدوش خاتون کی ہلاکت کے واقعے کی فوری تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔
الطاف بخاری نے پیر کو ’ایکس‘پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا”نشاط میں پیش آنے والا المناک واقعہ، جس میں ریاسی سے تعلق رکھنے والی ایک خانہ بدوش خاتون کو نشے میں دھت افراد کے ایک گروہ نے وحشیانہ حملہ کر کے قتل کر دیا، ہولناک اور انتہائی شرمناک ہے“۔
بخاری نے مطالبہ کہا”اس گھنا¶نے جرم میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے“۔
اپنی پارٹی کے صدر نے متاثرہ کنبے کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا”تسلی کے کوئی الفاظ صحیح معنوں میں اس درد کو کم نہیں کر سکتے جس کا وہ اس وقت سامنا کر رہے ہوں گے “۔
لون نے اس واقعے کی فوری تحقیقات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا”نشاط کے علاقے میں ایک خانہ بدوش خاتون کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا گیا’انہوں نے مطالبہ کیا کہ مجرمان کو تیز بنیادوں پر سخت سزا ملنی چاہئے “۔