نئی دہلی//
وزیر اعظم نریندر مودی نے پہلگام دہشت گردانہ حملے کے قصورواروں اور ان کے حامیوں کو سخت سبق سکھانے کے لیے ہفتہ کو ایک بار پھر پختہ اور فیصلہ کن کارروائی کرنے کا عہد کیا۔
وزیر اعظم نے ہندوستان کے دورے پر آئے انگولا کے صدر جواؤ لورینکو کے ساتھ بات چیت کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا’’ہم دہشت گردوں اور ان کی حمایت کرنے والوں کے خلاف سخت اور فیصلہ کن کارروائی کرنے کے لیے پرعزم ہیں‘‘۔
مودی نے انگولا کے صدر کا سرحد پار دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کی لڑائی میں حمایت کیلئے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملک دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں، جو انسانیت کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے ۔
وزیر اعظم نے پہلگام دہشت گردانہ حملے کے متاثرین کے تئیں انگولا کی طرف سے تعزیت کا اظہار کرنے پر مسٹر لورینکو کا شکریہ ادا کیا۔
قابل ذکر ہے کہ حکومت ہند نے پہلگام دہشت گردانہ حملے کے قصورواروں اور معاونین کو سزا دینے کا عزم ظاہر کیا ہے ۔ اس حملے میں۲۶؍افراد جن میں زیادہ تر سیاح تھے ، بے دردی سے مارے گئے تھے ۔ انہوں نے مسلح افواج کو اس معاملے میں جوابی کارروائی کرنے کی آزادی دی ہے ۔