سرینگر//
سرینگر کے جھیل ڈل میں گذشتہ روز کشتی الٹنے سے لا پتہ ہونے والے نوجوان کی لاش ہفتے کی صبح باز یاب کی گئی۔
جھیل ڈل میں جمعے کی سہ پہر کو تیز ہواؤں کے دوران ایک کشتی الٹ گئی جس کے نتیجے میں دو افراد پانی میں ڈوب گئے ۔واقعہ پیش آنے کے ساتھ ہی بچائو کارروائیاں شروع کی گئیں اور ڈوبنے والوں میں سے ایک عبدالمجید کھوسہ کو جلد ہی بچالیا گیا جبکہ دوسرے کی تلاش جاری رکھی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ رات کو تاریکی اور سردی کے پیش نظر بچائو آپریشن بند رکھنے کے بعد ہفتے کے صبح کی روشنی کی پہلی کرن کے ساتھ ہی ایس ڈی آر ایف اور دیگر مقامی ایجنسیوں نے آپریشن بحال کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران مذکورہ ٹیموں نے ڈک پارک کے نزدیک جھیل ڈل سے دوسرے ڈوبنے والے نوجوان کی لاش باز یاب کی۔انہوں نے متوفی کی شناخت۲۴سالہ توفیق احمد چوپان ولد غلام محمد چوپان ساکن چوپان محلہ جوگی لنکر رعنہ واری کے طور پر کی ہے ۔