سرینگر//(ویب ڈیسک)
سعودی عرب کی وزارت حج نے مختلف ممالک سے عمرہ ویزے پر آنے والے زائرین کو انتباہ دیا ہے کہ ویزے کی مدت ختم ہونے سے قبل اپنے ملکوں کو لوٹ جائیں۔ ’’عمرہ ویزے پر آنے والوں کو حج کرنے کی قطعی اجازت نہیں‘‘۔
وزارت حج وعمرہ کی جانب سے جاری انتباہ میں مزید کہا گیا ہے کہ عمرہ ویزے پر غیر قانونی قیام کرنے والوں کو ضوابط کے مطابق سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔
وزارت حج نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عمرہ ویزے پر آنے والوں کو حج کرنے کی قطعی اجازت نہیں ہوتی۔ زائرین کے لیے یہ ضروری ہے کہ عمرہ ویزے کی مدت ختم ہونے سے قبل ہی اپنے ملکوں کو لوٹ جائیں تاکہ کسی قسم کی قانونی پیچیدگی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
خیال رہے مملکت میں عمرہ ویزے پر آنے والوں کو وزارت داخلہ کی جانب سے بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ۲۹؍ اپریل سے پہلے پہلے اپنے ملکوں کو لوٹ جائیں۔
مذکورہ تاریخ کے بعد عمرہ ویزے والوں کا مملکت میں قیام غیرقانونی شمار ہوگا جس پر انہیں قانون کے مطابق سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔
واضح رہے حج قوانین کے مطابق عمرہ یا وزٹ ویزے پر آنے والے غیرملکیوں کو کسی طرح بھی حج ادا کرنے کی اجازت نہیں ہوتی ایسا کرنے والے قانون شکنی کے مرتکب ہوتے ہیں جس پر سخت سزا مقرر ہے۔
دریں اثناسعودی عرب کے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ہم ہر سال حج سیزن کو گرمیوں سے نکل کر سردیوں کی طرف منتقل ہوتا دیکھ رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ۱۶ سال کے بعد حج سیزن سردیوں میں آئے گا۔
گزشتہ سال حج سیزن پر غیر معمولی گرمی دیکھنے میں آئی تھی جس دوران ۱۲۰۰ حجاج کرام کی موت ہو ئی۔
اسی حوالے سے قومی مرکز برائے موسمیات کے سرکاری ترجمان حسین القحطانی نے انکشاف کیا کہ رواں برس کا حج موسم گرما میں آخری حج ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ۱۶ سال بعد موسم گرما میں حج نہیں کریں گے۔
القحطانی نے مزید کہا کہ حج امسال کے بعد ۱۴۴۷ ہجری سے شروع ہوکر ۸ سال کے عرصے کے لیے موسم بہار میں منتقل ہوگا اور اس کے بعد مزید ۸سالوں میں حج کا موسم سردیوں کے موسم میں آئے گا۔ اس طرح ہم ۱۶سال کی مدت کے لیے گرمیوں کے موسم میں حج کو مکمل طور پر الوداع کریں گے۔یاد رہے کہ سعودی عرب میں گرمیوں میں اوسط درجہ حرارت۴۵ تا۴۷ ڈگری سیٹی گریڈ کے درمیان ہوتا ہے۔
درایں اثناء سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے رکن اور موسمیاتی تبدیلی کے محقق ڈاکٹر منصور المزروعی نے کہا کہ حج کا موسم اس وقت گرمیوں میں آتا ہے۔ اس کے بعد بہ تدریج حج سیزن موسم بہار میں منتقل ہونا شروع ہوگا اور آٹھ سال موسم بہار میں حج جاری رہے گا۔
المزروعی کہتے ہیں کہ حج کا موسم سردیوں کے موسم میں آنے میں مزید آٹھ سال لگیں گے۔ جس کا آغاز ہجری سال ۱۴۵۴ ہجری سے شروع ہونے والا حج سیزن۱۴۶۱ھ تک سردیوں میں رہے گا۔ ۱۴۶۲ اور۱۴۶۹ ہجری کے درمیان کا عرصہ خزاں کے حج سیزن پر مشتمل ہوگا۔ س طرح یہ چار موسم ۳۳ ہجری سالوں میں مکمل ہو کر ۱۴۷۰ ہجری کو ایک بار پھر حج سیزن گرمیوں میں آئے گا۔