لکھنؤ// کپتان مہندر سنگھ دھونی (ناٹ آؤٹ 26) اور شیوم دوبے (ناٹ آؤٹ 43) کی شاندار اننگز کی بدولت چنئی سپر کنگز نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 30 ویں میچ میں پیر کو لکھنؤ سپر جائنٹس کو تین گیندیں باقی رہتے پانچ وکٹوں سے شکست دے ٹورنامنٹ میں اپنی دوسری جیت درج کی ۔ فیلڈنگ کے دوران دھونی نے دو کیچ لیے اور لکھنؤ کے ایک کھلاڑی کو رن آؤٹ کیا۔
167 رنز کے ہدف کے تعاقب میں، چنئی سپر کنگز نے شیخ رشید اور راچن رویندرا کی پہلی وکٹ کے لیے 51 رنز کی شراکت کے ساتھ تیز شروعات کی۔ اویش خان نے پانچویں اوور میں شیخ رشید (27) کو آؤٹ کر کے شراکت کو توڑا۔ اس کے بعد آٹھویں اوور میں ایڈن مارکرم نے راچن رویندرا کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔ رویندرا نے 22 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے (37) رنز بنائے۔ روی بشنوئی نے پھر راہول ترپاٹھی (نو) اور رویندر جڈیجہ (سات) کی وکٹیں حاصل کیں۔ وجے شنکر (نو) کو راٹھی نے آؤٹ کیا۔ دھونی چنئی کے لیے بیٹنگ کے لیے آئے جو چار وکٹیں گنوانے کے بعد مشکل میں تھی لیکن دھونی نے دھماکہ خیز بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 11 گیندوں (26 ناٹ آؤٹ) میں 26 رنز بنائے۔ جبکہ شیوم دوبے نے 37 گیندوں میں تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 43 رنز بنائے۔ چنئی سپر کنگز نے 19.3 اوور میں پانچ وکٹوں پر 168 رنز بنا کر میچ پانچ وکٹوں سے جیت لیا۔
لکھنؤ سپر جائنٹس کی جانب سے روی بشنوئی نے دو وکٹ لیے۔ اویش خان، دگویش راٹھی اور ایڈن مارکرم نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل چنئی سپر کنگز کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا تھا۔ بیٹنگ کے لیے آئی لکھنؤ سپر جائنٹس کی شروعات اچھی نہیں رہی اور انہوں نے پہلا وکٹ 6 رنز پر اور دوسرا وکٹ 26 کے اسکور پر گنوا دیا۔ ایڈن مارکرم (6) اور نکولس پورن (8) رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آئے رشبھ پنت نے مچل مارش کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لیے 50 رنز کی شراکت کی۔ دسویں اوور میں رویندر جڈیجا نے مچل مارش (30) کو بولڈ کر کے اس شراکت کو توڑا۔
آیوش بڈونی (22) کو جڈیجا کی گیند پر دھونی نے اسٹمپ آؤٹ کیا۔ عبدالصمد (20) کو متھیشا پتیرانا کی گیند پر دھونی نے رن آؤٹ کیا۔ رشبھ پنت کو بھی پتیرانا نے آؤٹ کیا، یہ دونوں وکٹیں 20ویں اوور میں گریں۔ رشبھ پنت نے 49 گیندوں پر چار چوکے اور چار چھکے لگاتے ہوئے 63 رنز کی اننگز کھیلی۔ شاردُل ٹھاکر (6) کے طور پر لکھنؤ کا ساتواں وکٹ گرا۔ انہیں بھی پتیرانا نے آؤٹ کیا۔ لکھنؤ سپر جائنٹس نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹ پر 166 رنز بنائے۔
چنئی سپر کنگز کی جانب سے رویندر جڈیجا اور متھیشا پتیرانا نے دو، دو وکٹ حاصل کیے، جبکہ خلیل احمد اور انشول کامبوج نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔