سرینگر//
جموںکشمیر کے ضلع رام بن کے بانہال علاقے میں ریلوے برج کے نزدیک ایک سڑک حادثے میں ایک خاتون کی موت جبکہ ۹دیگر زخمی ہوگئے ۔
ذرائع نے بتایا کہ ایک ٹا ٹا موبائل جس میں راجوری کے تریتھ تحصیل سے تعلق رکھنے والے دو بکروال کنبوں کے۱۱؍افراد سوار تھے ، بانہال میں ریلوے برج کے قریب پلٹ گیا۔انہوں نے کہا کہ اس حادثے میں ایک خاتون کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوئی جبکہ۹دیگر زخمی ہوگئے ۔
متوفی کی شناخت۶۵سالہ پھولن جی زوجہ حسن ساکن چک میتھلی کے طور پر پہوئی ہے ۔
ان کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو علاج و معالجے کیلئے سب ضلع ہسپتال بانہال منتقل کیا گیا جہاں سے انہیں گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ ریفر کیا گیا۔
دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے کارروائیاں شروع کی ہے۔
اس دوران جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں کاکا پورہ ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک خاتون حادثاتی طور پر چلتی ٹرین سے گر کر زخمی ہوگئی۔
اطلاعات کے مطابق وہ سرینگر سے بانہال جانے والی ٹرین میں سفر کر رہی تھیں جب وہ کاکا پورہ اسٹیشن پہنچنے سے پہلے پھسل کر گر گئیں۔
ایک عہدیدار کے مطابق خاتون کی شناخت بشیر احمد کی بیوی فاطمہ کے طور پر ہوئی ہے جو پلوامہ کے واہی باغ کی رہائشی ہے۔
واقعے کے بعد اسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔