سرینگر//
نیشنل کانفرنس نے جموںکشمیر اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور سینئر لیڈر سنیل شرما کو واپس تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ انہیں دہلی اور ان کی اپنی پارٹی نے اسمبلی میں اپوزیشن کے طور پر ناکام ہونے پر ڈانٹا ہے ۔
واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر نے سری نگر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران نیشنل کانفرنس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
اس کے جواب میں نیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ اور رکن اسمبلی تنویر صادق نے’ایکس‘پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا’’دو دنوں میں دو پریس کانفرنسیں، اور بی جے پی کے لیڈر آف اپوزیشن ابھی تک کچھ بتانے میں کامیاب نہیں ہو سکے ‘‘۔
صادق نے کہا’’ایسا لگتا ہے کہ انہیں دہلی اور ان کی اپنی پارٹی نے اسمبلی میں اپوزیشن کے طور پر ناکام ہونے پر ڈانٹا ہے‘‘۔
ترجمان اعلیٰ نے سنیل شرما کے نیشنل کانفرنس کے ۱۰ ہزار ورکروں کی ہلاکت کے بارے میں پیش کئے گئے منطق کو چیلنج کرتے ہوئے کہا’’ہم ان کے سارے بیان کو بے نقاب کرسکتے ہیں لیکن فی الوقت ان کے نیشنل کانفرنس کے۱۰ہزار ورکروں کی ہلاکت کے الزام پر بات کرتے ہیں‘‘۔
صادق کا کہنا تھا’’اس منطق کے لحاظ سے ، تو پھر کیا بی جے پی۲۰۱۹سے لے کر آج تک سیکورٹی فورس کی ہر ایک ہلاکت کے لیے ذمہ دار ہے ، جس میں ابھی ایک جے سی او کی المناک شہادت بھی شامل ہے‘‘۔انہوں نے سوالیہ انداز میں کیا’’یل او پی صاحب، یہ کس کی ناکامی ہے ‘‘۔
قابل ذکر ہے کہ سنیل شرما نے پریس کانفرنس کے دوران کہاتھا’’نیشنل کانفرنس بار بار کہتی ہے کہ اس کے۱۰ہزار ورکر مارے گئے لیکن یہ ہلاکتیں اس وقت ہوئی جب جموں و کشمیر میں ہوم ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ کے پاس تھا‘‘۔انہوں نے کہا’’جب سے یہ محکمہ مرکزی سرکار کے ہاتھوں میں ہے تب سے نیشنل کانفرنس کے ورکر محفوظ ہیں۔‘‘