سرینگر/۷؍اپریل
منشیات فروشوں کے خلاف وسیع پیمانے پر مہم کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے سرینگر میں سال رواں کے دوران اب تک۲۵منشیات فروشوں کے خلاف مقدمے درج کئے ہیں۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے سری نگر میں مزید۲بد نام زمانہ منشیات فروشوں کے خلاف پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمے درج کرکے کوٹ بلوال اور بھدرواہ جیلوں میں بند کر دیا ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ اس کے ساتھ ماہ جنوری سے لے کر اب تک اس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہونے والے منشیات فروشوں کی تعداد۲۵ہوگئی۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ سرینگر پولیس نے مزید دو منشیات فروشوں کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمے درج کئے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ سری نگر پولیس کے تیار کردہ ڈوزیئر کی بنیاد پر صوبائی کمشنر کشمیر سے باقاعدہ نظر بندی کے احکامات حاصل کرنے کے بعد مذکورہ منشیات فروشوں کے خلاف پی آئی ٹی ،این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمے درج کئے گئے ہیں۔
ان منشیات فروشوں کی شناخت عادل حمید ولد عبدالحمید شیخ سکان آلوچی باغ اور ظہور احمد خان ولد غلام محمد خان ساکن زکورہ کے طور پر کی گئی ہے ۔
بیان میں کہا گیا کہ ان منشیات فروشوں کو کوٹ بلوال اور ضلع جیل بھدرواہ میں بند رکھا گیا ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ یہ منشیات فروش خطرناک پیمانے پر سری نگر کے نوجوانوں میں منشیات کی فروخت میں ملوث ہیں اور اس کے علاوہ وہ سری نگر کے مختلف تھانوں میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے کئی مقدمات میں بھی ملوث تھے ۔ان کا کہنا ہے کہ این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعدد مقدمات درج ہونے کے باوجود انہوں نے عدالتوں سے ضمانت حاصل کرنے کے بعد بھی اپنی غیر قانونی سرگرمیاں جاری رکھیں اور اپنے غیر قانونی منشیات کے نیٹ ورک کے ذریعے وادی بالخصوص سری نگر کے نوجوانوں میں ڈھٹائی سے منشیات کو فروغ دے رہے تھے ۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے پی آئی ٹی، این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات کے تحت ان کی جائیدادوں کو قرق کرنے کی کارروائی بھی شروع کر دی ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے سوپور میں تین منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے ممنوعہ نشیلی اشیا برآمد کی ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ایس ڈی پی او سوپور کی نگرانی میں پولیس نے کرانکشون کالونی میں ناکہ چیکنگ کے دوران ایک گاڑی سے۲۸۸نشہ آور کیپسول برآمد کیے ۔
ترجمان نے بتایا کہ گاڑی میں سوار تین افراد مشتاق احمد لون ولد غلام حسن لون ساکن رگہ بوگ سوپور، وسیم احمد راتھر ولد بشیر احمد راتھر ساکن کرانکشون کالونی سوپور اور یاور احمد لون ولد عبدالمجید لون ساکن وگہ بوگ سوپور کو موقع پر ہی گرفتار کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار شدگان کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر۴۷کے تحت کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے ۔
دریں اثنا، پولیس نے عوام سے ایک بار پھر اپیل کی ہے کہ وہ منشیات فروشوں کے بارے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بروقت مطلع کریں، تاکہ اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینک دیا جاسکے ۔