سرینگر//
سرینگر کے شہید گنج علاقے میں ہفتے کی علی الصبح آتشزدگی کے ایک بھیانک واقعے میں۵رہائشی مکان خاکستر ہوگئے ۔
ذرائع نے بتایا کہ سری نگر کے شہید گنج علاقے میں ہفتے کی صبح آگ لگ گئی جس کے شعلوں نے متصل واقع مکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔
محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ اس آتشزدگی کے بارے میں ہمیں ہفتے کی صبح۶بجکر۷منٹ پر کال موصول ہوئی جس پر کارروائی کرتے ہوئے فائر ٹنڈرس کو جائے موقع پر بھیج دیا گیا۔
عہدیدار نے کہا کہ فائر ٹنڈرس نے آگ کو قابو میں کر لیا تاہم اس واقعے میں۵رہائشی مکان خاکستر ہوگئے اور ایک عام شہری معمولی زخمی ہوگیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔
دریں اثنا پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے قانونی کارروائیاں شروع کی ہیں۔
ادھرصحت اور تعلیم کی وزیر سکینہ یتو نے کہا ہے کہ حکومت جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں آگ سے متاثر ہونے والے لوگوں کی جلد بازآبادکاری کیلئے کام کر رہی ہے ۔
ایتو نے کہا کہ ضلع انتظامیہ نے متاثرین کے قیام و طعام کے لئے انتظامات کئے ہیں۔
واضح رہے کہ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے پرانے قصبے کڈی پورہ میں۲۰مارچ کو آگ کے ایک بھیانک واقعے میں کم سے کم ۳۰رہائشی مکان خاکستر ہوئے جس کے نتیجے میں قریب۴۵کنبے بے گھر ہوگئے ۔
وزیر صحت نے ہفتے کے روز اس واقعے میں متاثرین کی باز آباد کاری کیلئے سرکار کی طرف سے کئے جانے والے اقدام کے بارے میں ایوان کو جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا’’وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر میں نے دیگر ارکان اسمبلی کے ہمراہ گذشتہ روز اس علاقے کا دورہ کیا اور وہاں متاثرین سے بھی بات کی اور ضلع مجسٹریٹ اور متعلقہ افسروں کے ساتھ بھی میٹنگ کی‘‘۔
ایتو نے کہا’’ضلع انتظامیہ نے پہلے ہی متاثرین کے قیام و طعام کیلئے انتظامات کئے ہیں اور متاثرین کو وزیر اعلیٰ ریلیف فنڈ سے امداد دی جائے گی‘‘۔ان کا کہنا ہے کہ حکومت سنجیدگی سے متاثرین کی فوری باز آباد کاری کیلئے کام کر رہی ہے ۔
وزیر صحت نے کہا کہ حکومت متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا’’میں یقین دلانا چاہتی ہوں کہ سرکار کام کر رہی ہے اور متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔‘‘