نئی دہلی/۲۱ مارچ
وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کو کہا کہ حکومت کی دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ370 کشمیر میں علیحدگی پسندی کی بنیاد تھا۔
راجیہ سبھا میں وزارت داخلہ کے کام کاج پر بحث کا جواب دیتے ہوئے شاہ نے کہا کہ نریندر مودی حکومت نے دفعہ 370 کو منسوخ کرکے آئین کے معماروں کے خواب کو پورا کیا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ آرٹیکل 370 کشمیر میں علیحدگی پسندی کی بنیاد تھا۔ لیکن میں آئین کے معماروں کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، انہوں نے اس شق کو عارضی بنا دیا، اور اسے منسوخ کرنے کا طریقہ بھی آرٹیکل میں شامل کیا گیا۔
شاہ نے کہا کہ ووٹ بینک کی سیاست اور ضد کی وجہ سے دفعہ 370 برقرار رہی۔” 5 اگست 2019 کو آرٹیکل 370 کو منسوخ کر دیا گیا تھا۔ ہمارے آئین کے معماروں کا خواب یہ تھا کہ ملک میں دو سربراہ، دو آئین اور دو جھنڈے نہیں ہوسکتے“۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں دہشت گردی، بائیں بازو کی انتہا پسندی اور شمال مشرق میں شورش ہندوستان کےلئے سب سے بڑے چیلنجوں میں سے ہیں۔
شاہ نے کہا کہ چار دہائیوں میں تقریبا 92,000 شہری مارے گئے۔ ان سے نمٹنے کے لئے کوئی منظم کوشش نہیں کی گئی اور مودی حکومت نے ایسا کیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ مودی حکومت دہشت گردی کےلئے صفر رواداری رکھتی ہے۔
شاہ نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردی کے واقعات میں عام شہریوں اور سیکورٹی اہلکاروں کی ہلاکتوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے جبکہ وادی کشمیر میں پتھراو¿ کے کوئی واقعات نہیں ہوئے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ مودی حکومت کے دوران جموں کشمیر میں دہشت گردی کی وجہ سے ہونے والی اموات میں 70 فیصد کمی آئی ہے۔ دہشت گردی کے واقعات میں بھی تیزی سے کمی آئی ہے۔
شاہ نے یہ بھی کہا کہ شہری اور دیہی بلدیاتی اداروں میں کامیابی کے ساتھ انتخابات منعقد کرکے جموں و کشمیر میں نچلی سطح پر جمہوریت قائم کی گئی ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا”جموں کشمیر میں 2019-24 کے دوران تقریباً 40,000 سرکاری نوکریاں فراہم کی گئیں، 1.51 لاکھ خود روزگار پیدا ہوئے، اسکلنگ کلب کام کر رہے ہیں۔
شاہ نے پچھلی حکومتوں پر نکسل ازم کے خلاف کارروائی نہ کرنے کا بھی الزام لگایا۔انہوں نے کہا کہ 21 مارچ 2026 تک اس ملک سے نکسل ازم کا خاتمہ ہوجائے گا۔
شمال مشرق کے بارے میں بات کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ یہ خطہ مجموعی طور پر پرامن ہے اور جب سے مودی حکومت اقتدار میں آئی ہے تب سے ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا”ہم نے 2019 سے اب تک تقریباً 19 امن معاہدوں پر دستخط کیے ہیں، جبکہ شمال مشرق میں اس عرصے میں تقریباً10,000 عسکریت پسندوں نے ہتھیار ڈالے ہیں۔“