سرینگر//
بھارتیہ جنتاپارٹی(بی جے پی) کے سینئر لیڈر اور سابق ایم ایل اے گریز فقیر محمد خان نے جمعرات کو سرکاری رہائش گاہ واقع سرینگر میں مبینہ طورپراپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔
اطلاعات کے مطابق گریز کے سابق ممبر اسمبلی اور بی جے پی کے سینئر لیڈر فقیر محمد خان کی لاش جمعرات کے روز ان کی سرکاری رہائش گاہ واقع تلسی باغ سری نگر میں پر اسرار حالت میں برآمد کی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ فقیر محمد خان نے مبینہ طورپر ذاتی محافظ کی سروس رائفل سے گولیاں چلا کر اپنی زندگی کا چراغ گل کیا۔انہوں نے کہاکہ خون میں لت پت بی جے پی لیڈر کو فوری طورپر صدر ہسپتال سری نگر منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
پولیس نے لاش کواپنی تحویل میں لے کر بڑے پیمانے پرتحقیقات شروع کی ہے ۔
ادھر سری نگر پولیس کی جانب سے جاری کئے گئے ایک پریس بیان میں کہا گیا ہے کہ سری نگر کے تلسی باغ علاقے میں آج گولی چلنے کا واقع رونما ہوا جس کے نتیجے میں سابق رکن اسمبلی فقیر محمد خان ولد جمہ خان ساکن گریز کی موت واقع ہوئی۔
بیان کے مطابق پولیس نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے شیر گڑھی پولیس اسٹیشن میں دفعہ ۱۹۴کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے ۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران منکشف ہوا کہ یہ خود کشی کا معاملہ ہے تاہم تمام پہلووں کو مد نظر رکھتے ہوئے تفتیش کا دائرہ وسیع کیا گیا ہے ۔
واضح رہے کہ فقیر محمد خان ولد جمہ خان ساکن گریز بانڈی پورہ نے سال۱۹۹۶کے اسمبلی الیکشن میں بطور آزاد امیدوار جیت حاصل کی تھی۔
۲۰۲۴کے اسمبلی انتخابات میں انہوں نے بی جے پی کی ٹکٹ پر الیکشن لڑا تاہم اپنے مد مقابل امیدوار نذیر گریزی نے ایک ہزار۴۹ووٹوں سے اس نشست پر جیت حاصل کی۔
علاوہ ازیں جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی نے سابق ممبر اسمبلی اور بی جے پی رہنما فقیر محمد خان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اِظہا ر کیا ہے ۔
اسپیکر قانون ساز اسمبلی عبد الرحیم راتھر نے مرحوم رکن اسمبلی کو یاد کرتے ہوئے ان کی روح کے ابدی سکون ، مغفرت اور اہل خانہ کے لئے یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی ہمت کے لئے دعا کی۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ایوان میں اس افسوسناک خبر کا اعلان کرتے ہوئے مرحوم کو ایک مقامی رہنما کے طور پر یاد کیا جنہوں نے گریز کے عوام کی ترقی میں نمایاں رول اَدا کیا۔
عمرعبداللہ نے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اِظہار کرتے ہوئے مرحوم کی روح کے دائمی سکون اور مغفرت کے لئے دعا کی۔
قائد حزب اختلاف سنیل شرما اور رکن اسمبلی گریزنذیر احمد خان (گریزی) نے بھی فقیر محمد خان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اِظہار کیا۔
ایوان میں مرحوم رکن اسمبلی کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔
دریں اثنا جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بی جے پی لیڈر اور سابق رکن اسمبلی فقیر محمد خان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔
منوج سنہا نے رکن اسمبلی کی موت پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے ’ایکس‘پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا’’گریز کی ترقی میں فقیر محمد خان کا بہت بڑا کر دار ہے اور انہوں نے ہزاروں لوگوں کی زندگیوں کو متاثر کیا اور بہتر بھی بنا دیا‘‘۔
عمرعبداللہ نے کہا’’اس انتہائی افسوس ناک موقع پر میں ان کے خاندان، دوستوں اور پیروکاروں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں‘‘۔
لیفٹیننٹ گورنر نے متوفی لیڈر کے روح کے سکون کے لئے دعا کی۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سابق رکن اسمبلی کے انتقال پر گہرا دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ حقیقی معنوں میں بنیادی سطح کے لیڈر تھے ۔انہوں نے متوفی لیڈر کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کی اور ان کی جنت نشینی کے لئے دعا کی۔