سرینگر//
ملک کے دیگر حصوں کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر میں بھی جمعے کے روز رنگوں کا تہوار ہولی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔
اطلاعات کے مطابق جموں وکشمیر مین رنگوں کا تہوار ہولی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، یہ موسم بہار کے آغاز اوربرائی پر اچھائی کی فتح کا جشن کہلاتا ہے ۔
یہ تہوار قمری مہینے کے آخری پورے چاند کے دن منایا جاتا ہے ، لوگ اس دن کو دوستوں اور اہل خانہ پر شوخ رنگ ڈال کر مناتے ہیں، پوجا کرتے ہیں اور اس دن سے قبل والی رات برائی کی علامتی طورپر ختم کرنے کے لئے الاو جلاتے ہین تاکہ اچھائی کی فتح ہو سکے ۔
جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر میں سی آر پی ایف جوانوں نے ہولی منائی، اپنوں سے دور جوانوں نے دھوم دھام کے ساتھ ہولی منائی۔
اس موقع پر سی آر پی ایف جوانوں نے کہاکہ ملک کی خدمت کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
دریں اثنا جموں وکشمیر کے دیگر اضلاع میں بھی سی آر پی ایف ، فوج اور بارڈر سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے ہولی منائی اور ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی۔
ہولی کے موقع پر مختلف سیاسی پارٹیوں کے رہنماوں کی جانب سے عوام کو مبارکباد دی گئی۔
اپنے پیغام میں سیایس پارٹیوں کے رہنماوں نے کہاکہ تہوار وں کو منانا ہماری گونا گوں ثقافت کا ایک اہم حصہ ہے اور ان کی بدولت آپسی بھائی چارہ اور اخوت کے رشتوں کو مضبوط کرنے میں مدد ملتی ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ہولی ہم سب کیلئے ترقی اور خوشحالی کی ایک نوید لے کر آئے گا۔انہوں نے کہاکہ یہ دن جموں وکشمیر کے لئے امن، ترقی اور خوشحالی کی نوید لے کر آئے ۔
ادھروزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ہولی کے پر مسرت تہوار پر لوگوں کو مبارکباد پیش کی ہے ۔انہوں نے دعا کی کہ رنگوں کا یہ تہوار تمام لوگوں کے لئے خوشیاں اور خوشحالی کی نوید لے کر آئے ۔
وزیر اعلیٰ نے اپنے دفتر کے’ایکس‘ہینڈل پر ایک پوسٹ میں کہا’’میں سب کو رنگوں کے مقدس تہوار ہولی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں‘‘۔انہوں نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ رنگوں کا یہ تہوار تمام لوگوں کے لئے خوشیاں اور خوشحالی کی نوید لے کر آئے ۔
دریں اثنا صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بردھی اور انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) کشمیر زون وی کے بردی نے بھی ہولی کے پر مسرت تہوار پر لوگوں کو مبارکبا پیش کی ہے ۔
صوبائی کمشنر نے اپنے ایک پیغام میں کہا’’یہ تہوار لوگوں میں خوشی اور مسرت کی لہر پھیلاتا ہے ‘‘۔انہوں نے اس پر مسرت موقع پر خطے میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔
آئی جی پی کشمیر نے لوگوں اور جموں وکشمیر پولیس کے شہدا کے خاندانوں کو ہولی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ یہ تہوار لوگوں کی زندگیوں کو خوشیوں، خوشحالی اور ہم آہنگی سے بھر دے ۔
واضح رہے کہ ہولی ہندو مذہب کا ایک بہت بڑا تہوار ہے جس کو رنگوں اور بہار کے تہوار کے طور پر بھی یاد کیا جاتا ہے ۔ یہ تہوار برائی پر اچھائی کی فتح کی علامت ہے ۔