دبئی// آئی سی سی خواتین کرکٹ ورلڈ کپ 2025 میں آخری دو مقامات کے لیے چھ ٹیموں کے درمیان کوالیفائر ٹورنامنٹ 9 سے 19 اپریل تک پاکستان میں کھیلا جائے گا۔
جمعہ کو جاری ہونے والی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی رپورٹ کے مطابق اس راؤنڈ رابن ٹورنامنٹ کے تمام 15 میچ پاکستان میں 9 سے 19 اپریل تک قذافی سٹیڈیم اور لاہور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن (ایل سی سی اے) اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
اس ٹورنامنٹ کی ٹاپ دو ٹیمیں اکتوبر اور نومبر میں ہندوستان میں ہونے والے ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں کھیلیں گی۔
کوالیفائرز کے چھٹے ایڈیشن میں چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں چار مکمل ممبران پاکستان، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش اور آئرلینڈ شامل ہیں۔ اسکاٹ لینڈ اور تھائی لینڈ ٹورنامنٹ کی دیگر دو ٹیمیں ہیں۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا اور میزبان ہندوستان پہلے ہی 10 ٹیموں پر مشتمل آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ (2023-25) میں ٹاپ چھ میں جگہ بنا کر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں۔
کوالیفائر کا پہلا میچ میزبان پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان 9 اپریل کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ایل سی سی اے میں اگلے روز ویسٹ انڈیز کا مقابلہ اسکاٹ لینڈ سے ہوگا، ایل سی سی اے میں بنگلہ دیش اور تھائی لینڈ آمنے سامنے ہوں گے۔
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو جیوف ایلارڈائس نے کہاکہ "یہ چھ ٹیمیں خواتین کے کرکٹ ورلڈ کپ سے صرف ایک قدم دور ہیں اور مجھے یقین ہے کہ وہ مقابلے کے لیے پوری طرح تیار ہوں گی۔ آئی سی سی کی جانب سے میں تمام شرکت کرنے والی ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرنا چاہوں گا اور لاہور میں کچھ مسابقتی کرکٹ دیکھنے کے لیے پر امید ہوں جب ہم ہندوستان میں ورلڈ کپ کی تیاری کر رہے ہیں۔