ممبئی// ہندوستان کے اسٹار گیند باز جسپریت بمراہ، جو ابھی تک اپنی چوٹ سے مکمل طور پر ٹھیک نہیں ہوئے ہیں، نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) کی میڈیکل ٹیم کی جانب سے فٹ قرار دیے جانے کے بعد انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 میں ممبئی انڈینس کے لیے کھیل سکیں گے۔
بتایا گیا ہے کہ بمراہ اپریل کے شروع میں ممبئی انڈینس ٹیم کو جوائن کریں گے۔ بمراہ تبھی ایم آئی میں شامل ہو سکیں گے جب این سی اے کی میڈیکل ٹیم انہیں فٹ قرار دے گی۔
بمراہ کمر کے نچلے حصے میں لگنے والی چوٹ سے ٹھیک ہو رہے ہیں۔ وہ 4 جنوری کو سڈنی میں بارڈر گواسکر ٹرافی کے آخری ٹیسٹ کے دوسرے دن اس انجری کا شکار ہوئے۔ چیمپیئنز ٹرافی کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے چیف سلیکٹر اجیت اگرکر نے کہا تھا کہ بمراہ کو بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم نے کم از کم پانچ ہفتے (ایس سی جی ٹیسٹ سے) آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
ایم آئی 23 مارچ کو چنئی میں چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کے خلاف آئی پی ایل 2025 میں اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔ اس کے بعد وہ 29 مارچ کو احمد آباد میں گجرات ٹائٹنز (جی ٹی) سے کھیلیں گے۔ ایم آئی کا پہلا ہوم میچ کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے خلاف دو دن بعد 31 مارچ کو ہوگا۔ اس کے بعد وہ اپریل کے پہلے ہفتے میں دو میچ کھیلیں گے، 4 اپریل کو لکھنؤ میں لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) کے خلاف اور 7 اپریل کو رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے خلاف اپنے گھر میں کھیلیں گے۔