ہم بھی اس بات کو مانتے ہیں کہ ابھی جمعہ جمعہ آٹھ دن ہی ہو ئے ہیں… جموں کشمیر میں نیشنل کانفرنس کی لولی لنگڑی حکومت کو بنے ہو ئے جمعہ جمعہ آٹھ دن ہی ہو ئے ہیں اور… اور لوگوں نے انہیں آٹھ دن‘ آٹھ ہفتوں ‘ آٹھ مہینوں نہیں بلکہ پورے چھ سال … معاف کیجئے پانچ سال حکومت کرنے کا منڈیٹ دیا ہے… اس لئے وہ سب حضرات جو بے صبری اور بے تابی کا مظاہرہ کررہے ہیںانہیں صبر سے کام لینے کی ضرورت ہے… اور اس لئے ضرورت ہے کیونکہ نیشنل کانفرنس بھی بالآخر ایک سیاسی جماعت ہے … اور سیاسی جماعت کا کام لوگوں کو بے وقوف بنایا ہے… اور ہاں اُلو بھی … اس لئے اگر نیشنل کانفرنس بھی آپ کو بے وقوف اور اُلو سمجھ کر اپنا کوئی بھی وعدہ پورا کرنے کی سمت میں کچھ بھی نہیں کرتی ہے تو… تو یقینا آپ کو صبر سے ہی کام لینا ہو گا اور… اور اس لئے لینا ہو گا کیونکہ اس کے علاوہ آپ کر بھی کیا سکتے ہیں… انتظار … اس بات کا انتظار کہ کب پانچ سال ختم ہوں گے اور… اور آپ این سی سے حساب لیں گے… نہیں صاحب ہم یہ نہیں کہہ رہے ہیں کہ این سی اپنا کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کریگی … بلکہ ہم صرف اتنا کہنے کی کوشش کررہے ہیں کہ… کہ کل کو اگر سچ میں این سی کوئی وعدہ پورا نہیں کرتی ہے تو… تو یہ کوئی بڑا مسئلہ نہیں کہ سیاسی جماعتیں کب اپنے وعدے پورا کرتی ہیں جو این سی کرے گی ۔وزیر اعلیٰ‘عمرعبداللہ الیکشن سے پہلے اور الیکشن کے دوران بار بار کہہ رہے تھے کہ ان کی سرکار آتے ہی ایک لاکھ ملازمتیں فراہم کی جائیں گی … اور آج جب یہ جناب جموں کشمیر کی لولی لنگڑی حکومت کے سربراہ ہیں ‘ وزیر اعلیٰ ہیں تو… تو صاف کہتے ہیں کہ حکومت سرکاری نوکریاں ہی فراہم نہیں کر سکتی ہیں… نوجوانوں کو روز گار کیلئے کچھ اور مواقع بھی تلاش کرنے ہوں گے… تلاش کرنے چاہئیں …باقی بہت سارے وعدوں کے بارے میں ان جناب نے پہلے ہی اپنے ہاتھ کھڑا کئے ہیں… یہ کہہ کر کئے ہیں کہ ان کے پاس زیادہ اختیارات نہیں ہیں‘ جموںکشمیر ریاست نہیں ہے‘ ایک یو ٹی ہے۔یقیناابھی جمعہ جمعہ آٹھ دن ہی ہو ئے ہیں… لیکن…لیکن یہ چار ماہ کافی ہیں یہ بتانے کیلئے ‘ یہ اخذ کرنے کیلئے کہ حکومت … عمر عبداللہ حکومت کس سمت میں آگے بڑھ ر ہی ہے… اور اللہ میاں کی قسم اس حکومت کی کوئی سمت نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے ۔ ہے نا؟