نئی دہلی//کانگریس کے سینئر لیڈر اور ترواننت پورم سے لوک سبھا کے رکن ششی تھرور نے وزیر اعظم نریندر مودی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بڑی بات ہے کہ مسٹر مودی دنیا کے پہلے لیڈروں میں شامل ہیں جنہیں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی طرف سے دعوت نامہ موصول ہوا ہے ۔
مسٹر تھرور نے آج یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ "یہ ایک اچھی علامت ہے کہ ہمارے وزیر اعظم پہلے عالمی رہنماؤں میں شامل ہیں جنہیں صدر ٹرمپ کی طرف سے دعوت نامہ موصول ہوا ہے ۔” سب سے پہلے سب سے اہم بات یہ ہے کہ مسٹر مودی دعوت نامہ وصول کرنے والے پہلے لیڈروں میں شامل ہیں۔ اب ہم سب یہ جاننے کا انتظار کر رہے ہیں کہ مسٹر ٹرمپ اور مسٹر مودی کے درمیان ملاقات میں کن مسائل پر بات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان بہت سے معاملات پر بات چیت ہونے والی ہے اور سب کو انتظار ہے کہ کیا بات چیت ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور امریکہ کے درمیان تجارت، درست ویزا، دہشت گردی، یوکرین-روس کا مسئلہ وغیرہ جیسے بہت سے مسائل پر بات ہونی ہے اور یہ جاننے کا انتظار ہے کہ دونوں لیڈروں کی ملاقات میں ان تمام مسائل پر کیا بات ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی کے اس امریکی دورے کو ہندوستان کے لئے بہت خاص مانا جا رہا ہے ۔ مسٹر مودی اور مسٹر ٹرمپ نے پریس کانفرنس میں اب تک جو کچھ بھی کہا وہ بہت حوصلہ افزا ہے اور اس نے کچھ بڑے خدشات کو دور کیا ہے ۔ انہوں نے غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی، تجارت اور محصولات کے سوال پر سنجیدہ مذاکرات کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو ستمبر ۔ اکتوبر تک مکمل ہو جائے گا۔